Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہشتم (8)
126 - 282
    مسئلہ ۴: جب طلاق کے ساتھ کوئی عدد یا وصف مذکور ہو تو اُس عدد یاوصف کے ذکر کرنے کے بعد واقع ہوگی صرف طلاق سے واقع نہ ہوگی مثلاًلفظ طلاق کہا اور عدد یا وصف کے بولنے سے پہلے عورت مرگئی تو طلاق نہ ہوئی اور اگر عدد یا وصف بولنے سے پہلے شوہر مر گیا یا کسی نے اُس کا مونھ بند کردیا تو ایک واقع ہوگی کہ جب شوہر مر گیا تو ذکر نہ پایا گیا صرف ارادہ پایا گیا اور صرف ارادہ نا کافی ہے اور مونھ بند کردینے کی صورت میں اگر ہاتھ ہٹاتے ہی اُسنے فوراًعدد یا وصف کو ذکر کر دیا تو اسکے موافق ہوگی ورنہ وہی ایک۔ (1)(عامہ کتب) 

    مسئلہ ۵: غیر مدخولہ سے کہا تجھے ایک طلاق ہے، ایک کے بعد یا اسکے پہلے ایک یا اس کے ساتھ ایک تو دو ۲ ہونگی۔ (2)(درمختار وغیرہ)

    مسئلہ ۶: تجھے ایک طلاق ہے اور ایک اگر گھر میں گئی تو گھر میں جانے پر دو ۲ ہونگی اور اگر یوں کہا کہ اگر تو گھر میں گئی تو تجھے ایک طلاق ہے اور ایک تو ایک ہوگی اور موطؤہ میں بہر حال دو ہونگی۔(3) (درمختار) 

    مسئلہ۷: کسی کی دو۲ یا تین عورتیں ہیں اُس نے کہا میری عورت کو طلاق تو اُن میں سے ایک پر پڑے گی اور یہ اُسے اختیار ہے کہ اُن میں سے جسے چاہے طلاق کے ليے معین کرلے اور ایک کو مخاطب کرکے کہا تجھ کو طلاق ہے یا تو مجھ پر حرام ہے تو صرف اُسی کو ہوگی جس سے کہا۔ (4)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۸: چار عورتیں ہیں اور یہ کہا کہ تم سب کے درمیان ایک طلاق تو چاروں پر ایک ایک ہوگی۔ یوہیں دو یا تین یا چار طلاقیں کہیں جب بھی ایک ایک ہوگی مگر اُن صورتوں میں اگر یہ نیت ہے کہ ہر ایک طلاق چاروں پر تقسیم ہو تو دومیں ہر ایک پر دو (۲) ہونگی اور تین یا چار میں ہر ایک پر تین ،اور پانچ ،چھ ،سات، آٹھ میں ہر ایک پر دو اور تقسیم کی نیت ہے تو ہر ایک پر تین نو، دس وغیرہ میں بہر حال ہر ایک پر تین واقع ہونگی۔ یوہیں اگر کہا میں نے تم سب کو ایک طلاق میں شریک کردیا تو ہر ایک پر ایک وعلی ہٰذاالقیاس۔(5) (خانیہ، فتح، بحر وغیرہا)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب طلاق غیر المدخول بھا، مطلب: الطلاق یقع ...إلخ،ج۴، ص۵۰۰. 

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب طلاق غیر المدخول بھا، ج۴، ص۵۰۲ وغیرہ.

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''، کتاب الطلاق، باب طلاق غیر المدخول بھا، ج۴، ص۵۰۳. 

4۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''،کتاب الطلاق، باب طلاق غیر المدخول بھا، مطلب: فیما لو ... إلخ، ج۴، ص۵۰۶. 

5۔۔۔۔۔۔ ''فتح القدیر''،کتاب الطلاق،باب ایقاع الطلاق ،ج۳،ص۳۶۳.

و''الفتاوی الخانیۃ''،کتاب الطلاق،ج۱،ص۲۰۹.و''البحرالرائق''،کتاب الطلاق،باب الطلاق،ج۳،ص۴۵۸وغیرھا.
Flag Counter