Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہفتم (7)
58 - 106
    مسئلہ ۴: کسی کو وکیل کیا کہ فلانی عورت سے اتنے مہر پر میرا نکاح کر دے۔ وکیل نے اس مہر پر اپنا نکاح اس عورت سے کر لیا تو اسی وکیل کا نکاح ہوا، پھر وکیل نے اسے مہینے بھر رکھ کر دخول کے بعد اُسے طلاق دے دی اور عدّت گزرنے پرموکل سے نکاح کر دیا تو موکل کا نکاح جائز ہوگيا۔ (1) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۵: وکیل سے کہا کسی عورت سے میرا نکاح کر دے ،اس نے باندی سے کیا صحیح نہ ہوا۔ يوہيں اپنی بالغہ یا نابالغہ لڑکی یا نابالغہ بہن یا بھتیجی سے کرد یا، جس کا یہ ولی ہے تو نکاح صحیح نہ ہوا اور اگر بالغہ بہن یابھتیجی سے کیا تو صحیح ہے۔ يوہيں عورت کے وکیل نے اس کا نکاح اپنے باپ یا بیٹے سے کر دیا تو صحیح نہ ہوا۔ (2) (عالمگیری، درمختار) 

    مسئلہ ۶: عورت نے اپنے کاموں میں تصرفات کا کسی کو وکیل کیا۔ اس نے اس وکالت کی بنا پر اپنا نکاح اس سے کرلیا، عورت کہتی ہے میں نے تو خرید و فروخت کے ليے وکیل بنایا تھا، نکاح کا وکیل نہیں کیا تھا تو یہ نکاح صحیح نہ ہوا کہ اگر نکاح کا وکیل ہوتا بھی تو اسے کب اختیار تھا کہ اپنے ساتھ نکاح کرلے۔ (3) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۷: وکیل سے کہا فلاں عورت سے میرا نکاح کردے، اس نے دوسری سے کر دیا یا حرّہ سے کرنے کو کہا تھا باندی سے کیا ،یا باندی سے کرنے کو کہا تھا آزاد عورت سے کیا، یا جتنا مہر بتا دیا تھا اس سے زیادہ باندھا ،یا عورت نے نکاح کا وکیل کر دیا تھا اس نے غیر کفو سے نکاح کر دیا، ان سب صورتوں میں نکاح صحیح نہ ہوا۔ (4) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۸: عورت کے وکیل نے اس کا نکاح کفو سے کیا، مگر وہ اندھا یا اپاہج یا بچہ یامعتوہ ہے تو ہوگيا۔ يوہيں مرد کے وکیل نے اندھی یا لنجھی(5)یا مجنونہ یا نابالغہ سے نکاح کر دیا صحیح ہوگيا اور اگر خوبصورت عورت سے نکاح کر نے کو کہا تھا، اس نے کالی حبشن سے کر دیایا اس کا عکس،تو نہ ہوا اور اندھی سے نکاح کرنے کے ليے کہا تھا، وکیل نے آنکھ والی سے کر دیا تو صحیح ہے۔ (6) (عالمگیری)

    مسئلہ ۹: وکیل سے کہا کسی عورت سے میرا نکاح کر دے، اُس نے اُس عورت سے کیا جس کی نسبت موکل کہہ چکا
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب النکاح، الباب السادس في الوکالۃ بالنکاح وغیرھا، ج۱، ص۲۹۵،۲۹۶. 

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

و''الدرالمختار''،کتاب النکاح، باب الکفاء ۃ، ج۴،ص۲۱۰. 

3۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب النکاح، الباب السادس في الوکالۃ بالنکاح وغیرھا، ج۱، ص۲۹۵. 

4۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب النکاح،باب الکفاء ۃ،مطلب:في الوکیل والفضولی في النکاح، ج۴، ص۲۱۱.

5۔۔۔۔۔۔وہ عورت جس کے ہاتھ پاؤں شل(بے کار)ہوگئے ہوں۔

6۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب النکاح،الباب السادس في الوکالۃ بالنکاح وغیرھا، ج۱، ص۲۹۵.
Flag Counter