Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہفتم (7)
29 - 106
دخول کے بعد تفریق ہوئی تو ہر ایک کو اس کا پورا مہر واجب ہوگا۔ يوہيں اگر ایک سے دخول ہوا تو اس کا پورا مہر واجب ہوگا اور دوسری کو چوتھائی۔ (1) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳۶: ایسی دو ۲ عورتوں سے ایک عقد کے ساتھ نکاح کیا تھا پھر دخول سے قبل تفریق ہوگئی، اب اگر ان میں سے ایک کے ساتھ نکاح کرنا چاہے تو کر سکتا ہے اور دخول کے بعد تفریق ہوئی تو جب تک عدّت نہ گزر جائے نکاح نہیں کر سکتا اور اگر ایک کی عدّت پوری ہو چکی دوسری کی نہیں تو دوسری سے کرسکتا ہے اور پہلی سے نہیں کرسکتا، جب تک دوسری کی عدّت نہ گزرلے اور اگر ایک سے دخول کیا ہے تو اس سے نکاح کر سکتا ہے اور دوسری سے نکاح نہیں کرسکتا جب تک مدخولہ (2)کی عدّت نہ گزر لے اور اس کی عدّت گزرنے کے بعد جس ایک سے چاہے نکاح کرلے۔ (3) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۳۷: ایسی دو عورتوں نے کسی شخص سے ایک ساتھ کہا، کہ میں نے تجھ سے نکاح کیا، اس نے ایک کا نکاح قبول کیا تو اس کا نکاح ہوگيا اور اگر مرد نے ایسی دو عورتوں سے کہا، کہ میں نے تم دونوں سے نکاح کیا اور ایک نے قبول کیا، دوسری نے انکار کیا ،تو جس نے قبول کیا اس کا نکاح بھی نہ ہوا۔ (4) (عالمگیری) 

مسئلہ ۳۸: ایسی دو عورتوں سے نکاح کیا اور ان میں سے ایک عدّت میں تھی تو جو خالی ہے(5) ، اس کا نکاح صحیح ہوگيا اور اگر وہ اسی کی عدّت میں تھی تو دوسری سے بھی صحیح نہ ہوا۔ (6) (عالمگیری)
(حرمت بِالملک)
    قسم چہارم: حرمت بالملک۔ 

    مسئلہ ۳۹: عورت اپنے غلام سے نکاح نہیں کرسکتی، خواہ وہ تنہا اسی کی مِلک میں ہو یا کوئی اوربھی اس میں شریک ہو۔ (7) (عالمگیری، درمختار)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب النکاح،فصل في المحرمات،ج۴، ص۱۲۶۔۱۳۱.

2۔۔۔۔۔۔ایسی عورت جس سے صحبت کی گئی ہو۔

3۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب النکاح،الباب الثالث في بیان المحرمات،القسم الثالث،ج۱،ص۲۷۸.

4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۷۸۔۲۷۹.    

5۔۔۔۔۔۔ یعنی جوعورت عدت میں نہیں ہے۔

6۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب النکاح،الباب الثالث في بیان المحرمات،ج۱،ص۲۷۹.

7۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب النکاح،الباب الثالث في بیان المحرمات،القسم الرابع،ج۱،ص۲۸۲.

و''الدرالمختار''،کتاب النکاح،فصل في المحرمات،ج۴،ص۱۳۱.
Flag Counter