Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ ہفتم (7)
105 - 106
مصارف کی وجہ سے مسلمانوں کی بیشتر جائدادیں سود کی نذر ہو گئیں، پھر قرضخواہ کے تقاضے اور اُسکے تشدد آمیز(1) لہجہ سے رہی سہی عزت پر بھی پانی پڑ جاتا ہے۔ یہ ساری تباہی بربادی آنکھوں دیکھ رہے ہیں مگر اب بھی عبرت نہیں ہو تی اور مسلمان اپنی فضول خرچیوں سے باز نہیں آتے ،یہی نہیں کہ اسی پر بس ہو اس کی خرابیاں اسی زندگی دنیا ہی تک محدود ہوں بلکہ آخر ت کا وبال الگ ہے۔ بمو جب حدیث صحیح لعنت کا استحقاق والعیاذ باﷲ تعالیٰ۔ 

    اکثر جاہلوں میں رواج ہے کہ محلہ یا رشتہ کی عورتیں جمع ہوتی ہیں اور گاتی بجاتی ہیں یہ حرام ہے کہ اولاً ڈھول بجانا ہی حرام پھر عورتوں کا گانا مزید براں عورت کی آواز نامحرموں کو پہنچنا اور وہ بھی گانے کی اور وہ بھی عشق و ہجر و وصال کے اشعار یا گیت۔ جو عورتیں اپنے گھروں میں چِلّا کر بات کرنا پسند نہیں کرتیں گھر سے باہر آواز جانے کو معیوب جانتی ہیں ایسے موقعوں پر وہ بھی شریک ہو جاتی ہیں گویا ان کے نزدیک گانا کوئی عیب ہی نہیں کتنی ہی دُور تک آواز جائے کوئی حرج نہیں نیز ایسے گانے میں جوان جوان کوآری لڑکیاں بھی ہوتی ہیں ان کا ایسے اشعار پڑھنا یا سننا کس حد تک ان کے دبے ہوئے جوش کو ابھارے گا اور کیسے کیسے ولولے پیدا کریگا اور اخلاق و عادات پر اس کا کہاں تک اثر پڑے گا۔ یہ باتیں ایسی نہیں جن کے سمجھانے کی ضرورت ہو ثبوت پیش کرنے کی حاجت ہو۔

    نیز اسی ضمن میں رت جگا (2) بھی ہے کہ رات بھر گاتی ہیں اور گلگلے پکتے ہیں، صبح کو مسجد میں طاق بھرنے جاتی ہیں۔ یہ بہت سی خرافات پر مشتمل ہے۔ نیاز گھر میں بھی ہو سکتی ہے اور اگر مسجد ہی میں ہو تو مرد لے جا سکتے ہیں عورتوں کی کیا ضرورت، پھر اگر اس رسم کی ادا کے ليے عورت ہی ہونا ضرور ہو تو اس جمگھٹے(3) کی کیا حاجت ،پھر جوانوں اور کنواریوں کی اس میں شرکت اور نامحرم کے سامنے جانے کی جرأت کس قدر حماقت ہے، پھر بعض جگہ یہ بھی دیکھا گیا کہ اس رسم کے ادا کرنے کے ليے چلتی ہیں تو وہی گانا بجانا ساتھ ہوتا ہے اسی شان سے مسجد تک پہنچتی ہیں ہاتھ میں ایک چومک ہوتا ہے یہ سب ناجائزجب صبح ہوگئی چراغ کی کیا ضرورت اور اگر چراغ کی حاجت تو مٹی کا کافی ہے آٹے کا چراغ بنانا اور تیل کی جگہ گھی جلانا فضول خرچی ہے۔ 

    دولھا ، دلھن کو بٹنا لگانا (4) ، مائیوں بٹھانا،جائز ہے ان میں کوئی حرج نہیں۔ دولھا کو مہندی لگانا، ناجائز ہے۔ يوہيں کنگنا باندھنا، ڈال بَری کی رسم کہ کپڑے وغیرہ بھیجے جاتے ہیں جائز۔ دولھا کو ریشمی کپڑے پہنانا حرام۔ يوہيں مغرق جوتے(5) بھی ناجائزاور خالص پھولوں کا سہرا جائز بلاوجہ ممنوع نہیں کہا جا سکتا۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔سخت ۔        2۔۔۔۔۔۔ایک رسم جس میں رات بھرجاگتے ہیں۔     3۔۔۔۔۔۔ہجوم ،ٹولی۔

4۔۔۔۔۔۔شادی بیاہ کی ایک رسم جس میں ایک خوشبودار مسالہ دولہااور دلہن کے جسم کو صاف اورملائم کرنے کے لیے مَلاجاتاہے ،ابٹن لگانا۔ 

5۔۔۔۔۔۔وہ جوتے جس پرمکمل سونے چاندی کا کام کیا ہوا ہو۔
Flag Counter