195 مدیون : جس کے ذمے کسی کاواجب الادا حق(دین) ہو تواُسے مدیون(مقروض) کہتے ہیں۔
196 مرابحہ: کوئی چیز خریدی اوراس پرکچھ اخراجات کیے پھرقیمت اور اخراجات کوظاہر کر کے اس پر نفع کی ایک مقدار بڑھا کراس کوفروخت کردینا اسے مرابحہ کہتے ہیں۔ (ماخوذ از بہار شریعت ،ج۲،حصہ ۱۱،ص۷۳۹)
197 مرافق : اس سے مراد وہ اشیاء ہیں جومبیع(خریدی ہوئی چیز )کے تابع ہوتی ہیں(یعنی مبیع کے ساتھ بیع میں ضمناًشامل ہوتی ہیں)جیسے جوتے کے ساتھ تسمہ۔ (ماخوذمن ردالمحتار،ج۷،ص۷۵)
198 مراہق یعنی وہ لڑکا کہ ہنوز بالغ نہ ہوا، مگر اس کے ہم عمر بالغ ہوگئے ہوں، اس کی مقدار بارہ برس کی عمر ہے۔( بہار شریعت ،ج۲،حصہ۷،ص۲۵)
199 مُرتد وہ شخص ہے کہ اسلام کے بعد کسی ایسے امر کاانکار کرے جوضروریات دین سے ہو یعنی زبان سے کلمہ کفر بکے جس میں تاویل صحیح کی گنجائش نہ ہو۔یوہیں بعض افعال بھی ایسے ہیں جن کے کرنے سے کافر ہوجاتا ہے مثلاً بت کوسجدہ کرنا،مصحف شریف کونجاست کی جگہ پھینک دینا،(نعوذ بااللہ)۔( بہارشریعت،ج۲، حصہ ۹، ص۴۵۵)
200 مُرتہن : جس شخص کے پاس کوئی چیز رہن رکھی جائے وہ مرتہن کہلاتا ہے ۔ ( بہارشریعت ،حصہ۱۷،ص۳۱)
201 مَرضُ الْموت : کسی مرض کے مرض الموت ہونے کے لیے دوباتیں شرط ہیں ۔ایک یہ کہ اس مرض میں خوفِ ہلاک واندیشہ موت قوت وغلبہ کے ساتھ ہو،دوم یہ کہ اس غلبہ خوف کی حالت میں اس کے ساتھ موت متصل ہواگرچہ اس مرض سے نہ مرے،موت کاسبب کوئی اورہوجائے ۔ (ماخوذازفتاوی رضویہ، ج۲۵،ص ۴۵۷)
202 مزارعہ: کسی کو اپنی زمین اس طور پر کاشت کے لیے دینا کہ جو کچھ پیداوارہوگی دونوں میں مثلاًنصف نصف یا ایک تہائی دوتہائیاں تقسیم ہوجائے گی اس کو مزارعت کہتے ہیں۔ (بہارشریعت ،حصہ۱۵ ،ص۹۴)
203 مستامن: وہ شخص ہے جو دوسرے ملک میں(جس میں غیر قوم کی سلطنت ہو) امان لیکر گیا یعنی حربی دارالاسلام میں یا مسلمان دارالکفرمیں امان لیکر گیا تومستامن ہے۔ ( بہارشریعت،ج۲، حصہ۹،ص ۴۴۳)
204 مُستَعِیر : عاریتاً چیزلینے والا۔
205 مستور الحال : وہ شخص جس کی عدالت اور فسق (یعنی نیک بدہونا)لوگوں پرظاہر نہ ہو۔ (التعریفات،ص۱۴۸)