Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پنجم (5)
985 - 1029
روزہ توڑنے والی چیزوں کا بیان
    حدیث ۱: بخاری و احمد و ابو داود و ترمذی و ابن ماجہ و دارمی ابوہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے راوی، کہ حضورِ اقدس صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں: ''جس نے رمضان کے ایک دن کا روزہ بغیر رخصت و بغیر مرض افطار کیا تو زمانہ بھر کا روزہ اس کی قضا نہیں ہوسکتا، اگرچہ رکھ بھی لے۔'' (1) یعنی وہ فضیلت جو رمضان میں رکھنے کی تھی کسی طرح حاصل نہیں کر سکتا تو جب روزہ نہ رکھنے میں یہ سخت وعید ہے رکھ کر توڑ دینا تو اس سے سخت تر ہے۔ 

    حدیث ۲: ابن خزیمہ و ابن حبان اپنی صحیح میں ابوامامہ باہلی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے راوی، کہتے ہیں میں نے رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم سے سُنا کہ حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) فرماتے ہیں: میں سو رہا تھا، دو شخص حاضر ہوئے اور میرے بازو پکڑکرایک پہاڑ کے پاس لے گئے اور مجھ سے کہا چڑھیے۔ میں نے کہا: مجھ میں اس کی طاقت نہیں، انہوں نے کہا: ہم سہل کر دیں گے، میں چڑھ گیا، جب بیچ پہاڑ پر پہنچا تو سخت آوازیں سنائی دیں، میں نے کہا: یہ کیسی آوازیں ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ جہنمیوں کی آوازیں ہیں پھر مجھے آگے لے گئے، میں نے ایک قوم کو دیکھا کہ وہ لوگ اُلٹے لٹکائے گئے ہیں اور اُ ن کی باچھیں چیری جا رہی ہیں، جن سے خون بہتا ہے۔ میں نے کہا: ''یہ کون لوگ ہیں؟ کہا: ''یہ وہ لوگ ہیں کہ وقت سے پہلے روزہ افطارکر دیتے ہیں۔'' (2) 

    حدیث ۳: ابو یعلیٰ باسناد حسن ابن عباس رضی اﷲ تعالیٰ عنھما سے راوی، کہ'' اسلام کے کڑے اور دین کے قواعد تین ہیں، جن پر اسلام کی بنا مضبوط کی گئی، جو اِن میں ایک کو ترک کرے وہ کافر ہے، اُس کا خون حلال ہے، کلمہ توحید کی شہادت اور نمازِ فرض اور روزہ رمضان۔'' (3) 

    اور ایک روایت میں ہے، ''جو اِن میں سے ایک کو ترک کرے، وہ اﷲ (عزوجل) کے ساتھ کفر کرتا ہے اور اس کا فرض و نفل کچھ مقبول نہیں۔'' (4) 

    مسئلہ ۱: کھانے پینے،جماع کرنے سے روزہ جاتا رہتا ہے، جبکہ روزہ دار ہونا یاد ہو۔ (5) (عامہ کتب)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''جامع الترمذي''، أبواب الصوم، باب ماجاء في الإفطار متعمدا، الحدیث: ۷۲۳، ج۲، ص۱۷۵. 

2۔۔۔۔۔۔ ''صحیح ابن خزیمۃ''، أبواب صوم التطوع، باب ذکرتعلیق المفطرین قبل وقت الإفطار... إلخ، الحدیث: ۱۹۸۶، 

ج۳، ص۲۳۷. 

3۔۔۔۔۔۔ ''مسند أبي یعلی''، مسند ابن عباس، الحدیث: ۲۳۴۵، ج۲، ص۳۷۸. 

4۔۔۔۔۔۔ ''الترغیب و الترھیب''، کتاب الصوم، الترہیب من إفطار شئی من رمضان من غیر عذر، الحدیث: ۳، ج۲، ص۶۶. 

5۔۔۔۔۔۔
Flag Counter