Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پنجم (5)
974 - 1029
اُس نے کہا، ہاں۔ ارشاد فرمایا: ''اے بلال! لوگوں میں اعلان کر دو کہ کل روزہ رکھیں۔'' (1) 

    حدیث ۴ـ: ابو داود و دارمی ابن عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنھما سے راوی، کہ لوگوں نے باہم چاند دیکھنا شروع کیا، میں نے حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) کو خبر دی کہ میں نے چاند دیکھا ہے، حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) نے بھی روزہ رکھا اور لوگوں کو روزہ رکھنے کا حکم فرمایا۔ (2) 

    حدیث ۵: ابو داود اُم المومنین صدیقہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہا سے راوی، کہ رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم شعبان کا اس قدر تحفظ کرتے کہ اتنا اور کسی کا نہ کرتے پھر رمضان کا چاند دیکھ کر روزہ رکھتے اور اگر اَبر ہوتا توتیس دن پورے کر کے روزہ رکھتے۔ (3) 

    حدیث ۶ـ: صحیح مسلم میں ابی البختری سے مروی، کہتے ہیں ہم عمرہ کے لیے گئے، جب بطن نخلہ میں پہنچے تو چاند دیکھ کر کسی نے کہا تین رات کا ہے، کسی نے کہا دو رات کا ہے۔ ابن عباس رضی اﷲ تعالیٰ عنھما سے ہم ملے اور ان سے واقعہ بیان کیا، فرمایا: تم نے دیکھا کس رات میں؟ ہم نے کہا، فلاں رات میں، فرمایا :کہ رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے اُس کی مدّت دیکھنے سے مقرر فرمائی، لہٰذا اس رات کا قرار دیا جائے گا جس رات کو تم نے دیکھا۔ (4) 

    مسئلہ ۱: پانچ مہینوں کا چاند دیکھنا، واجب کفایہ ہے۔ 

    (۱) شعبان۔ 

    (۲) رمضان۔ 

    (۳) شوال۔ 

    (۴) ذیقعدہ۔ 

    (۵) ذی الحجہ۔ 

    شعبان کا اس لیے کہ اگر رمضان کا چاند دیکھتے وقت اَبر یا غبار ہو تو یہ تیس پورے کر کے رمضان شروع کریں اور رمضان کاروزہ رکھنے کے لیے اور شوال کا روزہ ختم کرنے کے لیے اورذیقعدہ کا ذی الحجہ کے لیے (5) اور ذی الحجہ کا بقرعید کے لیے۔ (6) (فتاویٰ رضویہ)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''، کتاب الصیام، باب في شھادۃ الواحد علی رؤیۃ ھلال رمضان، الحدیث: ۲۳۴۰، ج۲، ص۴۴۰. 

2۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''، کتاب الصیام، باب في شھادۃ الواحد علی رؤیۃ ھلال رمضان، الحدیث: ۲۳۴۲، ج۲، ص۴۴۱. 

3۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''، کتاب الصیام، باب إذا أغمي الشھر، الحدیث: ۲۳۲۵، ج۲، ص۴۳۴. 

4۔۔۔۔۔۔ ''صحیح مسلم''، کتاب الصیام، باب بیان أنہ لااعتبار بکبر الھلال وصفرہ... إلخ، الحدیث: ۱۰۸۸، ص۵۴۹. 

5۔۔۔۔۔۔ کہ وہ حج کا خاص مہینہ ہے۔          6۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الرضویۃ'' ، ج۱۰ ص۴۴۹ ۔ ۴۵۱.
Flag Counter