Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پنجم (5)
965 - 1029
حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) سے ایسی بات سُنی کہ کبھی نہ سُنتے تھے۔ فرمایا: جبرئیل نے آکرعرض کی، ''وہ شخص دور ہو، جس نے رمضان پایا اور اپنی مغفرت نہ کرائی۔ میں نے کہا آمین۔ جب دوسرے درجہ پر چڑھا تو کہا وہ شخص دور ہو، جس کے پاس میرا ذکر ہو اور مجھ پر درود نہ بھیجے۔ میں نے کہا آمین۔ جب میں تیسرے درجہ پر چڑھاکہا وہ شخص دور ہو، جس کے ماں باپ دونوں یا ایک کو بڑھاپا آئے اور اُن کی خدمت کر کے جنت میں نہ جائے۔ میں نے کہا آمین۔'' (1) اسی کے مثل ابوہریرہ و حسن بن مالک بن حویرث رضی اﷲ تعالیٰ عنھم سے ابن حبان نے روایت کی۔ 

    حدیث ۳۵: اصبہانی نے ابوہریرہ رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت کی، کہ رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے فرمایا: جب رمضان کی پہلی رات ہوتی ہے، اﷲ عزوجل اپنی مخلوق کی طرف نظر فرماتا ہے اور جب اﷲ (عزوجل) کسی بندہ کی طرف نظر فرمائے تو اُسے کبھی عذاب نہ دے گا اور ہر روز دس ۱۰ لاکھ کو جہنم سے آزاد فرماتا ہے اور جب انتیسویں ۲۹ رات ہوتی ہے تو مہینے بھر میں جتنے آزاد کیے ، اُن کے مجموعہ کے برابر اُس ایک رات میں آزاد کرتا ہے پھر جب عیدالفطر کی رات آتی ہے، ملئکہ خوشی کرتے ہیں اور اﷲ عزوجل اپنے نور کی خاص تجلّی فرماتا ہے، فرشتوں سے فرماتا ہے: ''اے گروہ ملئکہ! اُس مزدور کا کیا بدلہ ہے، جس نے کام پورا کر لیا۔'' فرشتے عرض کرتے ہیں، اُس کو پورا اجر دیا جائے۔ اﷲ عزوجل فرماتا ہے: ''میں تمھیں گواہ کرتا ہوں کہ میں نے ان سب کو بخش دیا۔'' (2) 

    حدیث ۳۶: ابن خزیمہ نے ابومسعود غفاری رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے ایک طویل حدیث روایت کی، اُس میں یہ بھی ہے، کہ حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) نے فرمایا: ''اگر بندوں کو معلوم ہوتا کہ رمضان کیا چیز ہے تو میری اُمّت تمنا کرتی کہ پورا سال رمضان ہی ہو۔'' (3) 

    حدیث ۳۷: بزار و ابن خزیمہ و ابن حبان عمرو بن مرہ جہنی رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے راوی، کہ ایک شخص نے عرض کی، یا رسول اﷲ (عزوجل و صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) ! فرمائیے تو اگر میں اُس کی گواہی دوں کہ اﷲ (عزوجل) کے سوا کوئی معبود نہیں اور حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) اﷲ (عزوجل) کے رسول ہیں اور پانچوں نمازیں پڑھوں اور زکاۃ ادا کروں اور رمضان کے روزے رکھوں اور اس کی راتوں کا قیام کروں تو میں کن لوگوں میں سے ہوں گا؟ فرمایا: ''صدیقین اور شہدا میں سے۔'' (4)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''المستدرک''، کتاب البرو الصلۃ، باب لعن اللہ العاق لوالدیہ... إلخ، الحدیث: ۷۳۳۸، ج۵، ص۲۱۲. 

2۔۔۔۔۔۔ ''کنزالعمال''، کتاب الصوم، الحدیث: ۲۳۷۰۲، ج۸، ص۲۱۹. 

3۔۔۔۔۔۔ ''صحیح ابن خزیمۃ''، کتاب الصیام، باب ذکرتزیین الجنۃ لشھر رمضان... إلخ، الحدیث: ۱۸۸۶، ج۳، ص۱۹۰. 

4 ۔۔۔۔۔۔ ''الإحسان بترتیب صحیح ابن حبان''، کتاب الصوم، باب فضل رمضان، الحدیث: ۳۴۲۹، ج۵، ص۱۸۴.
Flag Counter