Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پنجم (5)
1027 - 1029
چُپ رہنا ثواب کی بات سمجھ کر نہ ہو تو حرج نہیں اور بری بات سے چُپ رہا تو یہ مکروہ نہیں، بلکہ یہ تو اعلیٰ درجہ کی چیز ہے کیونکہ بری بات زبان سے نہ نکالنا واجب ہے اور جس بات میں نہ ثواب ہو نہ گناہ یعنی مباح بات بھی معتکف کو مکروہ ہے، مگر بوقت ضرورت اور بے ضرورت مسجد میں مباح کلام نیکیوں کو ایسے کھاتا ہے جیسے آگ لکڑی کو۔ (1) (درمختار) 

    مسئلہ ۳۷: معتکف نہ چُپ رہے، نہ کلام کرے تو کیا کرے۔ یہ کرے قرآن مجید کی تلاوت، حدیث شریف کی قراء ت اور درود شریف کی کثرت، علم دین کا درس و تدریس، نبی صلی اﷲ تعالیٰ علیہ  وسلم و دیگر انبیا علیھم الصلوٰۃ والسلام کے سیرو اذکار اور اولیا و صالحین کی حکایت اور امورِ دین کی کتابت۔ (2) (درمختار) 

    مسئلہ ۳۸: ایک دن کے اعتکاف کی منت مانی تو اس میں رات داخل نہیں۔ طلوع فجر سے پیشتر مسجد میں چلا جائے اور غروب کے بعد چلا آئے اور اگر دو دن یا تین دن یا زیادہ دنوں کی منت مانی یا دو یا تین یا زیادہ راتوں کے اعتکاف کی منت مانی تو ان دونوں صورتوں میں اگر صرف دن یا صرف راتیں مراد لیں تو نیّت صحیح ہے، لہٰذا پہلی صورت میں منت صحیح ہے اور صرف دنوں میں اعتکاف واجب ہوا اور اس صورت میں اختیار ہے کہ اتنے دنوں کا لگاتار اعتکاف کرے یا متفرق طور پر۔ اور دوسری صورت میں منت صحیح نہیں کہ اعتکاف کے لیے روزہ شرط ہے اور رات میں روزہ ہو نہیں سکتا اور اگر دونوں صورتوں میں دن اور رات دونوں مراد ہیں۔ یا کچھ نیّت نہ کی تو دونوں صورتوں میں دن اور رات دونوں کا اعتکاف واجب ہے اور علی الاتصال اتنے دنوں میں اعتکاف ضروری ہے، تفریق نہیں کرسکتا۔ 

    نیز اس صورت میں یہ بھی ضرور ہے کہ دن سے پہلے جو رات ہے، اس میں اعتکاف ہو، لہٰذا غروب آفتاب سے پہلے جائے اعتکاف میں چلا جائے اور جس دن پورا ہو غروبِ آفتاب کے بعد نکل آئے اور اگر دن کی منت مانی اورکہتا یہ ہے کہ میں نے دن کہہ کر رات مراد لی ،تو یہ نیّت صحیح نہیں دن اور رات دونوں کا اعتکاف واجب ہے۔ (3) (جوہرہ، عالمگیری، درمختار) 

    مسئلہ ۳۹: عید کے دن کے اعتکاف کی منت مانی تو کسی اور دن میں جس دن روزہ رکھنا جائز ہے، اس کی قضا کرے اور اگر یمین کی نیّت تھی تو کفارہ دے اور عید ہی کے دن کر لیا تو منت پوری ہوگئی مگر گنہگار ہوا۔ (4) (عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

ـ1۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الصوم، باب الاعتکاف، ج۳، ص۵۰۷. 

2۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، ص۵۰۸. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الجوہرۃ النیرۃ''، کتاب الصوم، باب الاعتکاف، ص۱۹۰. 

و ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصوم، الباب السابع في الاعتکاف، ج۱، ص۲۱۳ ۔ ۲۱۴. 

و ''الدرالمختار''، کتاب الصوم، باب الاعتکاف، ج۳، ص۵۱۰. 

4۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصوم، الباب السابع في الاعتکاف، ج۱، ص۲۱۴.
Flag Counter