Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پنجم (5)
1026 - 1029
    مسئلہ ۲۹: معتکف نے دن میں بھول کر کھالیا تو اعتکاف فاسد نہ ہوا، گالی گلوچ یا جھگڑا کرنے سے اعتکاف فاسد نہیں ہوتا مگر بے نور و بے برکت ہوتا ہے۔ (1) (عالمگیری وغیرہ) 

    مسئلہ ۳۰: معتکف نکاح کر سکتا ہے اورعورت کو رجعی طلاق دی ہے تو رجعت بھی کر سکتا ہے، مگر ان امور کے لیے اگر مسجد سے باہر ہوگا تو اعتکاف جاتا رہے گا۔ (2) (عالمگیری، درمختار) مگر جماع اور بوسہ وغیرہ سے اس کو رجعت حرام ہے، اگرچہ رجعت ہو جائے گی۔ 

    مسئلہ ۳۱: معتکف نے حرام مال یا نشہ کی چیز رات میں کھائی تو اعتکاف فاسد نہ ہوا۔ (3) (عالمگیری) مگر اس حرام کا گناہ ہوا توبہ کرے۔ 

    مسئلہ ۳۲: بے ہوشی اور جنون اگر طویل ہوں کہ روزہ نہ ہو سکے تو اعتکاف جاتا رہا اور قضا واجب ہے، اگرچہ کئی سال کے بعد صحت ہو اور اگر معتوہ یعنی بوہرا ہوگیا، جب بھی اچھے ہونے کے بعد قضا واجب ہے۔ (4) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۳۳: معتکف مسجد ہی میں کھائے پیے سوئے ان امور کے لیے مسجد سے باہر ہوگا تو اعتکاف جاتا رہے گا۔ (5) (درمختار وغیرہ) مگر کھانے پینے میں یہ احتیاط لازم ہے کہ مسجد آلودہ نہ ہو۔ 

    مسئلہ ۳۴: معتکف کے سوا اور کسی کو مسجد میں کھانے پینے سونے کی اجازت نہیں اور اگر یہ کام کرنا چاہے تو اعتکاف کی نیّت کر کے مسجد میں جائے اور نماز پڑھے یا ذکر الٰہی کرے پھر یہ کام کر سکتا ہے۔ (6) (ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳۵: معتکف کو اپنی یا بال بچوں کی ضرورت سے مسجد میں کوئی چیز خریدنا یا بیچنا جائز ہے، بشرطیکہ وہ چیز مسجد میں نہ ہو یا ہو تو تھوڑی ہو کہ جگہ نہ گھیرے اور اگر خریدوفروخت بقصد تجارت ہو تو ناجائز اگرچہ وہ چیز مسجد میں نہ ہو۔ (7) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳۶: معتکف اگر بہ نیّت عبادت سکوت کرے یعنی چپ رہنے کو ثواب کی بات سمجھے تو مکروہِ تحریمی ہے اور اگر
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصوم، الباب السابع في الاعتکاف، ج۱، ص۲۱۳، وغیرہ. 

2۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصوم، الباب السابع في الاعتکاف، ج۱، ص۲۱۳. 

و ''ردالمحتار''، کتاب الصوم، باب الاعتکاف، ج۳، ص۵۰۶. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الصوم، الباب السابع في الاعتکاف، ج۱، ص۲۱۳. 

4۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق. 

5۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الصوم، باب الاعتکاف، ج۳، ص۵۰۶، وغیرہ. 

6۔۔۔۔۔۔ ''ردالمحتار''، کتاب الصوم، باب الاعتکاف، ج۳، ص۵۰۶. 

7۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''، کتاب الصوم، باب الاعتکاف، ج۳، ص۵۰۶.
Flag Counter