Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ دوم (2)
359 - 432
    مسئلہ ۱۵: اگر خاک میں راکھ مل جائے اور خاک زِیادہ ہو تو تیمم جائز ہے ورنہ نہیں۔ (1) 

    مسئلہ ۱۶: زرد، سرخ، سبز، سیاہ رنگ کی مٹی سے تیمم جائز ہے(2) مگر جب رنگ چھوٹ کر ہاتھ مونھ کو رنگین کر دے تو بغیر ضرورت شدیدہ اس سے تیمم کرنا جائز نہیں اور کر لیا تو ہوگیا۔ 

    مسئلہ ۱۷: بھیگی مٹی سے تیمم جائز ہے جب کہ مٹی غالب ہو۔ (3) 

    مسئلہ ۱۸: مسافر کا ایسی جگہ گزر ہوا کہ سب طرف کیچڑ ہی کیچڑ ہے اور پانی نہیں پاتا کہ وُضو یا غُسل کرے اور کپڑے میں بھی غبار نہیں تو اسے چاہیے کہ کپڑا کیچڑ میں سان کر سکھالے اور اس سے تیمم کرے اور اگروقت جاتا ہو تو مجبوری کوکیچڑ ہی سے تیمم کرلے جب کہ مٹی غالب ہو۔ (4) 

    مسئلہ ۱۹: گدّے اور دری وغیرہ میں غبار ہے تو اس سے تیمم کر سکتا ہے اگرچہ وہاں مٹی موجود ہو جب کہ غبار اتنا ہو کہ ہاتھ پھیرنے سے انگلیوں کا نشان بن جائے۔ (5) 

    مسئلہ ۲۰: نجس کپڑے میں غبار ہو اس سے تیمم جائز نہیں ہاں اگر اس کے سُوکھنے کے بعد غبار پڑا تو جائز ہے۔ (6) 

    مسئلہ ۲۱: مکان بنانے یا گرانے میں یا کسی اور صورت سے مونھ اور ہاتھوں پر گرد پڑی اور تیمم کی نیت سے مونھ اور ہاتھوں پر مسح کر لیا تیمم ہوگیا۔ (7) 

    مسئلہ ۲۲: گچ کی دیوار پر تیمم جائز ہے۔ (8) 

    مسئلہ ۲۳: مصنوعی مُردہ سنگ سے تیمم جائز نہیں۔ (9) 

    مسئلہ ۲۴: مونگے یا اس کی راکھ سے تیمم جائز نہیں۔ (10)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الطہارۃ، الباب الرابع في التیمم، الفصل الأول، ج۱، ص۲۷. 

2۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.         3۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.          

4۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق. 

5۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الرضویۃ''، ج۳، ص۳۰۲. 

6۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الطہارۃ، الباب الرابع في التیمم، الفصل الأول، ج۱، ص۲۷. 

7۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق.         

8۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطہارۃ، باب التیمم، ج۱، ص۴۵۳. 

9۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الرضویۃ''، ج۳، ص۶۵۴. 

10۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''، کتاب الطہارۃ، باب التیمم، ج۱، ص۴۵۲.
Flag Counter