Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ دوم (2)
304 - 432
    مسئلہ ۴: عورت کے آگے سے جو خالص رطوبت بے آمیزشِ خون نکلتی ہے ناقضِ وُضو نہیں (1) ، اگر کپڑے میں لگ جائے تو کپڑا پاک ہے۔ (2) 

    مسئلہ ۵: مرد یا عورت کے پیچھے سے ہَوا ۸ خارِج ہوئی وُضو جاتا رہا۔ (3) 

    مسئلہ ۶: مر د یا عورت کے آگے سے ہَوا نکلی یا پیٹ میں ایسا زخم ہوگیا کہ جِھلّی تک پہنچا ،اس سے ہَوا نکلی تو وُضو نہیں جائے گا۔ (4) 

    مسئلہ ۷: عورت کے دونوں مقام پردہ پَھٹ کر ایک ہوگئے اسے جب رِیح آئے اِحْتِیاط یہ ہے کہ وُضو کرے اگرچہ یہ احتمال ہو کہ آگے سے نکلی ہوگی۔ (5) 

    مسئلہ ۸: اگر مرد نے پیشاب کے سوراخ میں کوئی چیز ڈالی پھر وہ اس میں سے لوٹ آئی تو وُضو نہیں جائے گا۔ (6) 

    مسئلہ ۹: حُقنہ لیا اور دوا باہر آگئی یا کوئی چیز پاخانہ کے مقام میں ڈالی اور باہر نکل آئی وُضو ٹوٹ گیا۔ (7) 

    مسئلہ ۱۰: مرد نے سوراخِ ذَکَر میں رُوئی رکھی اور وہ اُوپر سے خشک ہے مگر جب نکالی ،تو تَر نکلی تو نکالتے ہی وُضو ٹوٹ گیا۔ (8) یوہیں عورت نے کپڑا رکھا اور فرجِ خارِج میں اس کپڑے پر کوئی اثر نہیں مگر جب نکالا تو خون یا کسی اور نجاست سے تَر نکلااب وُضو جاتا رہا۔ 

    مسئلہ ۱۱: خون ۹ یا پیپ ۱۰ یا زرد ۱۱ پانی کہیں سے نکل کر بہا اور اس بہنے میں ایسی جگہ پہنچنے کی صلاحیت تھی جس کا وُضو یا غسل میں دھونا فرض ہے تو وُضو جاتا رہا اگر صرف چمکا یا اُبھرا اور بہا نہیں جیسے سوئی کی نوک یا چاقو کا کنارہ لگ جاتا ہے اور خون اُبھر یا چمک جاتا ہے یا خِلال کیا یا مِسواک کی یااُنگلی سے دانت مانجھے یا دانت سے کوئی چیز کاٹی اس پر خون کا اثر پایایاناک میں اُنگلی ڈالی اس پر خون کی سُرخی آگئی مگر وہ خون بہنے کے قابل نہ تھا تووُضو نہیں ٹوٹا۔ (9)
ــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''جد الممتار'' علی ''ردالمحتار''، کتاب الطہارۃ، فصل الوضوء، ج۱، ص۱۸۸. 

2۔۔۔۔۔۔ ''ردالمحتار''، کتاب الطہارۃ، فصل الإستنجائ، مطلب في الفرق بین الاستبراء والاستنقائ... إلخ، ج۱، ص۶۲۱. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الطہارۃ، الباب الأول في الوضوء، الفصل الخامس، ج۱، ص۹. 

4۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، و ''الدرالمختار'' و ''ردالمحتار''، کتاب الطہارۃ، مطلب: نواقض الوضوء، ج۱، ص۲۸۷. 

5۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار'' و''ردالمحتار''، المرجع السابق . 

6۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الطہارۃ، الباب الأول في الوضوء، الفصل الخامس، ج۱، ص۱۰. 

7۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الطہارۃ، الباب الأول في الوضوء، الفصل الخامس، ج۱، ص۱۰. 

8۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الطہارۃ، الباب الأول في الوضوء، الفصل الخامس، ج۱، ص۱۰. 

9۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، و ''الفتاوی الرضویۃ''، ج۱، ص۲۸۰.
Flag Counter