Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
469 - 660
    حدیث ۱۸: ابو داود نے براء رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ جب ابوبکر صدیق رضی اللہ تعالٰی عنہ شروع شروع مدینہ میں آئے تھے میں ان کے ساتھ ان کے یہاں گیا۔ حضرت عائشہ رضی اللہ تعالٰی عنہا بخار میں لیٹی ہوئی تھیں، حضرت ابوبکر ان کے پاس گئے اور پوچھا بیٹی کیسی ہو اور ان کے رخسارہ پر بوسہ دیا۔ (1) 

    حدیث ۱۹: ترمذی نے صفوان بن عسال رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ دو ۲ یہودی حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) کی خدمت میں حاضر ہوئے اور یہ سوال کیا کہ کھلی ہوئی نو ۹ نشانیاں کیا ہیں؟ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا:!اﷲ(عزوجل)کے ساتھ کسی کو شریک نہ کرو۔ (1) اور چوری نہ کرو۔ (2) اورزنانہ کرو۔ (3) اور جس جان کو اﷲ(عزوجل)نے حرام کیا ہے اسے ناحق قتل نہ کرو۔ (4) اور جوجرم سے بری ہو اسے بادشاہ کے پاس قتل کے لیے نہ لے جاؤ۔ (5) اور جادو نہ کرو۔ (6) اور سود نہ کھاؤ۔ (7) اور عفیفہ (2)پر زنا کی تہمت نہ دھرو۔ (اور لڑائی کے دن مونھ پھیر کر نہ بھاگو اورخاص تم یہودی ہفتہ کے متعلق حد سے تجاوز نہ کرو۔''جب حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے یہ فرمایا تو انھوں نے حضور(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)کے ہاتھوں اور قدموں کو بوسہ دیا۔(3)

    حدیث ۲۰: ابو داود نے عبداﷲ بن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہما سے روایت کی کہتے ہیں کہ ہم حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)کے قریب گئے اور ہاتھ کو بوسہ دیا۔ (4) 

    حدیث ۲۱: صحیح بخاری و مسلم میں ابوسعید خدری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، کہ جب بنی قریظہ(5)اپنے قلعہ سے سعد بن معاذ رضی اللہ تعالٰی عنہ کے حکم پر اترے حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے سعدرضی اللہ تعالٰی عنہ کے پاس آدمی بھیجا اور وہ وہاں سے قریب میں تھے۔ جب مسجد کے قریب آگئے، حضور(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) نے انصار سے فرمایا:''اپنے سردار کے پاس اٹھ کر جاؤ۔''(6)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''،کتاب الأدب،باب في قبلۃ الخد،الحدیث:۵۲۲۲،ج۴،ص۴۵۵.

2۔۔۔۔۔۔پاکدامن عورت۔

3۔۔۔۔۔۔ ''سنن الترمذي''،کتاب الإستئذان...إلخ،باب ما جاء في قبلۃ الید والرجل،الحدیث:۲۷۴۲،ج۴،ص۳۳۵. 

4۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''،کتاب الأدب،باب في قبلۃ الید،الحدیث:۵۲۲۳،ج۴،ص۴۵۶.

5۔۔۔۔۔۔یہودیوں کے ایک قبیلے کا نام ہے۔

6۔۔۔۔۔۔ ''صحیح البخاري''،کتاب الجھاد،باب اذا نزل العدو علی حکم رجل،الحدیث:۳۰۴۳،ج۲،ص۳۲۲.

وکتاب المغازي،باب مرجع النبی صلی اللہ علیہ وسلم من الأحزاب...إلخ،الحدیث:۴۱۲۱،ج۳،ص۵۶.

و''صحیح مسلم''،کتاب الجھاد...إلخ،باب جواز قتال من نقض العھد...إلخ،الحدیث:۶۴۔(۱۷۶۸)،ص۹۷۲.
Flag Counter