نے سونے کی انگوٹھی بنوائی۔(1)
اور ایک روایت میں ہے، کہ اس کو دہنے ہاتھ میں پہنا پھر اس کو پھینک دیا اور چاندی کی انگوٹھی بنوائی، جس میں یہ نقش تھا۔ محمد رسول اﷲاور یہ فرمایاکہ ''کوئی شخص میری انگوٹھی کے نقش کے موافق اپنی انگوٹھی میں نقش کندہ نہ کرائے اور حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)جب انگوٹھی پہنتے تو نگینہ ہتھیلی کی طرف ہوتا۔ (2)
حدیث ۳: صحیح بخاری میں انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم کی انگوٹھی چاندی کی تھی اور اُس کا نگینہ بھی تھا۔ (3)
حدیث ۴: صحیح بخاری و مسلم میں انھیں سے روایت ہے کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے دہنے ہاتھ میں چاندی کی انگوٹھی پہنی اور اس کا نگینہ حبشی ساخت کا تھا اور نگینہ ہتھیلی کی جانب رکھتے۔ (4)
حدیث ۵: مسلم کی روایت انھیں سے ہے، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم کی انگوٹھی اس انگلی میں تھی یعنی بائیں ہاتھ کی چھنگلیا میں۔ (5)
حدیث ۶: صحیح مسلم میں حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے اس میں یا اس میں یعنی بیچ والی میں یا کلمہ کی انگلی میں انگوٹھی پہننے سے مجھے منع فرمایا۔ (6)
حدیث ۷: ابن ماجہ نے عبداﷲبن جعفر رضی اللہ تعالٰی عنہماسے اور ابو داود و نسائی نے حضرت علی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ نبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم دہنے ہاتھ میں انگوٹھی پہنتے تھے۔ (7)اور ابو داود نے ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہماسے روایت کی، کہ بائیں ہاتھ میں پہنتے تھے۔ (8)