Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
383 - 660
حدیث ۴: ترمذی نے ابوسعید خدری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ نبی صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے پینے کی چیز میں پھونکنے سے منع فرمایا۔ ایک شخص نے عرض کی، کہ برتن میں کبھی کوڑا دکھائی دیتا ہے، فرمایا:''اسے گرادو۔''اس نے عرض کی، کہ ایک سانس میں سیراب نہیں ہوتا ہوں، فرمایا:''برتن کو مونھ سے جدا کرکے سانس لو۔''(1) 

    حدیث ۵: ابو داود نے ابوسعید خدری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے پیالے میں جو جگہ ٹوٹی ہوئی ہے، وہاں سے پینے کی اور پینے کی چیز میں پھونکنے کی ممانعت فرمائی۔ (2) 

    حدیث ۶: صحیح بخاری و مسلم میں ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہماسے مروی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے مشک کے دہانے سے پینے کو منع فرمایا۔ (3) 

    حدیث ۷: صحیح بخاری و مسلم و سنن ترمذی میں ابو سعید خدری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے مشک کے دہانے کو موڑ کر اس سے پانی پینے کو منع فرمایا۔ (4) 

    ابن ماجہ نے اس حدیث کو ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہماسے بھی روایت کیا ہے اور اس روایت میں یہ بھی ہے کہ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) کے منع فرمانے کے بعد ایک شخص رات میں اُٹھا اور مشک کا دہانہ پانی پینے کے لیے موڑا، اس میں سے سانپ نکلا۔ (5) 

    حدیث ۸: صحیح بخاری و مسلم میں انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے کھڑے ہو کر پانی پینے سے منع فرمایا۔ (6) 

    حدیث ۹: صحیح مسلم میں ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا: ''کھڑے ہو کر ہر گز کوئی شخص پانی نہ پیے اور جو بھول کر ایسا کر گزرے، وہ قے کردے۔''(7)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''سنن الترمذي''،کتاب الأشربۃ، باب ماجاء في کراھیۃ النفخ في الشراب، الحدیث: ۱۸۹۴،ج۳،ص۳۵۳. 

2۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''،کتاب الأشربۃ، باب في الشرب من ثلمۃ القدح، الحدیث: ۳۷۲۲،ج۳،ص۴۷۳. 

و''سنن الدارمي''،کتاب الأشربۃ، باب من شرب بنفس واحد، الحدیث: ۲۱۲۱، ج۲، ص۱۶۱. 

3۔۔۔۔۔۔''صحیح البخاري''،کتاب الأشربۃ، باب الشرب من فم السقاء، الحدیث: ۵۶۲۹،ج۳،ص۵۹۲. 

4۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق ،باب إختناث الأسقیۃ، الحدیث: ۵۶۲۶،ج۳،ص۵۹۲. 

5۔۔۔۔۔۔ ''سنن ابن ماجہ''،کتاب الأشربۃ، باب اختناث الأسقیۃ، الحدیث: ۳۴۱۹،ج۴،ص۷۸. 

6۔۔۔۔۔۔ ''صحیح مسلم''،کتاب الأشربۃ، باب في الشرب قائما...إلخ، الحدیث:۱۱۳۔(۲۰۲۴)،ص۱۱۱۹. 

7۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، الحدیث:۱۱۶۔(۲۰۲۶)،ص۱۱۱۹.
Flag Counter