Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
373 - 660
    حدیث ۶۴: ابو داود وغیرہ نے ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ رسول اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا: ''جب کھانے میں مکھی گر جائے تو اسے غوطہ دے دو (اور پھینک دو)کیونکہ اس کے ایک بازو میں بیماری ہے اور دوسرے میں شِفا ہے اور اسی بازو سے اپنے کو بچاتی ہے جس میں بیماری ہے۔''(1)یعنی وہی بازو کھانے میں پہلے ڈالتی ہے جس میں بیماری ہے، لہٰذا پوری کو غوطہ دیدو۔

    حدیث ۶۵: ابو داودو ابن ماجہ ودارمی ابوہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے  روایت کرتے ہیں، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:''جو شخص کھانا کھائے (اور دانتوں میں کچھ رہ جائے)اسے اگر خلال سے نکالے تو تھوک دے اور زبان سے نکالے تو نگل جائے ،جس نے ایسا کیا اچھا کیا اور نہ کیا تو بھی حرج نہیں۔''(2)
مسائل فقہیہ
    بعض صورت میں کھانا فرض ہے کہ کھانے پر ثواب ہے اور نہ کھانے میں عذاب۔ اگر بھوک کا اتنا غلبہ ہو کہ جانتا ہو کہ نہ کھانے سے مرجائے گا تو اتنا کھالینا جس سے جان بچ جائے فرض ہے اور اس صورت میں اگر نہیں کھایا یہاں تک کہ مر گیا تو گنہگار ہوا۔ اتنا کھالینا کہ کھڑے ہو کر نماز پڑھنے کی طاقت آجائے اور روزہ رکھ سکے یعنی نہ کھانے سے اتنا کمزور ہوجائے گا کہ کھڑا ہو کر نماز نہ پڑھ سکے گا اور روزہ نہ رکھ سکے گا تو اس مقدار سے کھالینا ضروری ہے اور اس میں بھی ثواب ہے۔ (3) (درمختار) 

    مسئلہ ۱: ا ضطرار کی حالت میں یعنی جبکہ جان جانے کا اندیشہ ہے اگر حلال چیز کھانے کے لیے نہیں ملتی تو حرام چیز یا مردار یا دوسرے کی چیز کھا کر اپنی جان بچائے اور ان چیزوں کے کھالینے پر اس صورت میں مؤاخذہ نہیں، بلکہ نہ کھا کر مرجانے میں مؤاخذہ ہے اگرچہ پرائی چیز کھانے میں تاوان (4)دینا ہوگا۔ (5) (درمختار) 

    مسئلہ ۲: پیاس سے ہلاک ہونے کا اندیشہ ہے، تو کسی چیز کو پی کر اپنے کو ہلاکت سے بچانا فرض ہے۔ پانی نہیں ہے اور شراب موجود ہے اور معلوم ہے کہ اس کے پی لینے میں جان بچ جائے گی، تو اتنی پی لے جس سے یہ اندیشہ جاتا رہے۔ (6) (درمختار، ردالمحتار)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''،کتاب الأطعمۃ،باب في الذباب یقع في الطعام، الحدیث:۳۸۴۴،ج۳،ص۵۱۱.

2۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''،کتاب الطھارۃ،باب الاستتار في الخلاء، الحدیث: ۳۵،ج۱،ص۴۶. 

3۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''،کتاب الحظر والإباحۃ،ج۹،ص۵۵۹.

4۔۔۔۔۔۔ یعنی جو کچھ نقصان ہوا ،وہ ادا کرے۔ 

5۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''،کتاب الحظر والإباحۃ،ج۹،ص۵۵۹. 

6۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الحظر والإباحۃ،ج۹،ص۵۵۹.
Flag Counter