Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
363 - 660
    حدیث ۱۶: صحیح مسلم میں جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی کہ نبی کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے انگلیوں اور برتن کے چاٹنے کا حکم دیا اور یہ فرمایاکہ ''تمھیں معلوم نہیں کہ کھانے کے کس حصے میں برکت ہے۔'' (1) 

    حدیث ۱۷: صحیح بخاری ومسلم میں عبداﷲ بن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہما سے مروی، کہ نبی کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا کہ''کھانے کے بعد ہاتھ کو نہ پونچھے، جب تک چاٹ نہ لے یا دوسرے کو چٹا نہ دے۔'' (2) یعنی ایسے شخص کو چٹا دے جو کراہت و نفرت نہ کرتا ہو، مثلاً تلامذہ و مریدین کہ یہ استاد و شیخ کے جھوٹے کو تبرک جانتے ہیں اور بڑی خوشی سے استعمال کرتے ہیں۔ 

    حدیث ۱۸: امام احمد و ترمذی و ابن ماجہ نے نُبیشہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:''جو کھانے کے بعد برتن کو چاٹ لے گا وہ برتن اس کے لیے استغفار کریگا۔''(3) 

    رزین کی روایت میں یہ بھی ہے، کہ وہ برتن یہ کہتا ہے کہ اﷲتعالیٰ تجھ کو جہنم سے آزاد کرے، جس طرح تو نے مجھے شیطان سے نجات دی۔ (4) 

    حدیث ۱۹: طبرانی نے ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہماسے روایت کی، کہ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے کھانے اور پانی میں پھونکنے سے ممانعت فرمائی۔ (5) 

    حدیث ۲۰: صحیح مسلم میں جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی، کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا: ''شیطان تمھارے ہر کام میں حاضر ہوجاتا ہے۔ کھانے کے وقت بھی حاضر ہوجاتا ہے۔ لہٰذا اگر لقمہ گرجائے اور اس میں کچھ لگ جائے تو صاف کرکے کھا لے اسے شیطان کے لیے چھوڑ نہ دے اور جب کھانے سے فارغ ہو جائے تو انگلیاں چاٹ لے کیونکہ یہ معلوم نہیں کہ کھانے کے کس حصّے میں برکت ہے۔''(6) 

    حدیث ۲۱: ابن ماجہ نے حسن بصری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی کہ معقل بن یساررضی اللہ تعالٰی عنہ کھانا کھارہے
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''صحیح مسلم''،کتاب الأشربۃ،باب استحباب لعق الاصابع...إلخ، الحدیث:۱۳۳۔(۲۰۳۳)،ص۱۱۲۲.

2۔۔۔۔۔۔ ''صحیح البخاري''،کتاب الأطعمۃ،باب لعق الاصابع...إلخ، الحدیث:۵۴۵۶،ج۳،ص۵۴۲. 

3۔۔۔۔۔۔ ''المسند''للإمام أحمد بن حنبل،مسند البصریین، حدیث نبیشۃ الھذلی، الحدیث:۲۰۷۵۰،ج۷،ص۳۸۲.

4۔۔۔۔۔۔ ''مشکاۃ المصابیح''،کتاب الأطعمۃ، الفصل الثالث، الحدیث:۴۲۴۲،ج۲،ص۴۵۵. 

5۔۔۔۔۔۔ ''المسند'' للإمام أحمد بن حنبل، مسند عبد اللہ بن العباس، الحدیث: ۲۸۱۸،ج۱،ص۶۶۲. 

و''المعجم الأوسط''باب المیم، الحدیث: ۵۱۳۸،ج۴،ص۴۰. 

6۔۔۔۔۔۔''صحیح مسلم''،کتاب الأشربۃ،باب استحباب لعق الاصابع...إلخ، الحدیث: ۱۳۵۔(۲۰۳۳)،ص۱۱۲۳.
Flag Counter