Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
362 - 660
    حدیث ۱۰: دیلمی نے انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی کہ رسول اﷲصلَّی اللہ علیہ وسلَّم نے فرمایا:''جب کھائے یا پیے تو یہ کہہ لے:
بِسْمِ اللہِ وَبِاللہِ الَّذِیْ لَا یَضُرُّ مَعَ اسْمِہٖ شَیْئٌ  فِی الْاَرْضِ وَلَا فِی السَّمَآءِ یَا حَیُّ یَا قَـیُّوْمُ .
 (1)پھراس سے کوئی بیماری نہ ہوگی، اگرچہ اس میں زہر ہو۔'' (2) 

    حدیث ۱۱: صحیح مسلم میں ابن عمر رضی اللہ تعالٰی عنہماسے مروی کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا: ''جب کھانا کھائے تو داہنے ہاتھ سے کھائے اور پانی پیے تو داہنے ہاتھ سے پیے۔''(3) 

    حدیث ۱۲: صحیح مسلم میں انھیں سے مروی ہے کہ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا:''کوئی شخص نہ بائیں ہاتھ سے کھانا کھائے، نہ پانی پیے کہ بائیں ہاتھ سے کھانا پینا شیطان کا طریقہ ہے۔''(4) 

    حدیث ۱۳: ابن ماجہ نے ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی کہ نبی کریم صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایاکہ ''دہنے ہاتھ سے کھائے اور دہنے ہاتھ سے پیے اور دہنے ہاتھ سے لے اور دہنے ہاتھ سے دے، کیونکہ شیطان بائیں سے کھاتا ہے، بائیں سے پیتا ہے اور بائیں سے لیتا ہے اور بائیں سے دیتا ہے۔'' (5) 

    حدیث ۱۴: ابن النجار نے ابو ہریرہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم) نے فرمایا:''تین انگلیوں سے کھانا انبیا علیہم السلام کا طریقہ ہے۔'' (6) 

    اور حکیم نے ابن عباس رضی اللہ تعالٰی عنہماسے روایت کی، کہ حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایا: ''تین انگلیوں سے کھاؤ کہ یہ سنت ہے اور پانچوں انگلیوں سے نہ کھاؤ کہ یہ اعراب (گنواروں)کا طریقہ ہے۔''(7) 

    حدیث ۱۵: صحیح مسلم میں کعب بن مالک رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم تین انگلیوں سے کھانا تناول فرماتے اور پونچھنے سے پہلے ہاتھ چاٹ لیتے۔ (8)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ترجمہ: اﷲ تعالٰی کے نام سے شروع کرتا ہوں،جس کے نام کی برکت سے زمین و آسمان کی کوئی چیز نقصان نہیں پہنچا سکتی، اے ہمیشہ زندہ و قائم رہنے والے! 

2۔۔۔۔۔۔ ''الفردوس بمأ ثور الخطاب''، الحدیث: ۱۱۱۳،ج۱،ص۱۶۸. 

3۔۔۔۔۔۔ ''صحیح مسلم''،کتاب الأشربۃ،باب آداب الطعام والشرب...إلخ، الحدیث:۱۰۵۔(۲۰۲۰)،ص۱۱۱۷. 

4۔۔۔۔۔۔ المرجع السابق، الحدیث:۱۰۶۔(۲۰۲۰)،ص۱۱۱۷. 

5۔۔۔۔۔۔ ''سنن ابن ماجہ''،کتاب الأطعمۃ،باب الأکل بالیمین، الحدیث:۳۲۶۶،ج۴،ص۱۲.

6۔۔۔۔۔۔ ''الجامع الصغیر'' للسیوطي، الحدیث: ۳۰۷۴،ص۱۸۴. 

7۔۔۔۔۔۔ ''کنزالعمال''،کتاب المعیشۃ...إلخ، رقم:۴۰۸۷۲،ج۱۵،ص۱۱۵. 

8۔۔۔۔۔۔ ''صحیح مسلم''،کتاب الأشربۃ،باب استحباب لعق الاصابع...إلخ، الحدیث:۱۳۲۔(۲۰۳۲)،ص۱۱۲۲.
Flag Counter