Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ شانزدَہم (16)
361 - 660
ہم نے عرض کی، یارسول اﷲ(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)!ایسا کیوں ہوا؟ ارشاد فرمایا:''ہم سب نے کھانے کے وقت بسم اﷲ پڑھی تھی، پھر ایک شخص بغیر بسم اﷲ پڑھے کھانے کو بیٹھ گیا، اس کے ساتھ شیطان نے کھانا کھا لیا۔''(1) 

    حدیث ۷: ابو داود نے اُمَیَّہ بن مخشی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہتے ہیں:ایک شخص بغیر بسم اﷲپڑھے کھانا کھا رہا تھا، جب کھا چکا صرف ایک لقمہ باقی رہ گیا، یہ لقمہ اٹھایا اور یہ کہا:
بِسْمِ اللہِ اَوَّلَـہٗ وَااخِرَہٗ
رسول اﷲ صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے تبسم کیا اور یہ فرمایا کہ ''شیطان اس کے ساتھ کھارہا تھا، جب اس نے اﷲ(عزوجل)کا نام ذکر کیا جو کچھ اس کے پیٹ میں تھا اُگل دیا۔''(2)اس کے یہ معنی بھی ہوسکتے ہیں کہ بسم اﷲ نہ کہنے سے کھانے کی برکت جو چلی گئی تھی واپس آگئی۔ 

    حدیث ۸: صحیح مسلم میں حذیفہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت ہے، کہتے ہیں: جب ہم لوگ حضور اقدس صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم کے ساتھ کھانے میں حاضر ہوتے تو جب تک حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)شروع نہ کرتے، کھانے میں ہم ہاتھ نہیں ڈالتے۔ ایک مرتبہ کا واقعہ ہے کہ ہم حضور (علیہ الصلوٰۃ والسلام)کے پاس حاضر تھے، ایک لڑکی دوڑتی ہوئی آئی، جیسے اسے کوئی ڈھکیل رہا ہے، اس نے کھانے میں ہاتھ ڈالنا چاہا، حضور (علیہ الصلوٰۃ والسلام)نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا پھر ایک اعرابی دوڑتا ہوا آیا جیسے اسے کوئی ڈھکیل رہا ہے،حضور (علیہ الصلوٰۃ والسلام)نے اس کا ہاتھ بھی پکڑ لیا۔ 

    اور یہ فرمایاکہ ''جب کھانے پر اﷲ(عزوجل)کا نام نہیں لیا جاتا تو وہ کھانا شیطان کے لیے حلال ہوجاتا ہے۔ شیطان اس لڑکی کے ساتھ آیا کہ اس کے ساتھ کھائے، میں نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا پھر اس اعرابی کے ساتھ آیا کہ اس کے ساتھ کھائے، میں نے اس کا ہاتھ پکڑ لیا۔ قسم ہے اس کی جس کے دستِ قدرت میں میری جان ہے، اس کا ہاتھ ان کے ہاتھ کے ساتھ میرے ہاتھ میں ہے، اس کے بعد حضور(علیہ الصلوٰۃ والسلام)نے اﷲ(عزوجل)کا نام ذکر کیا یعنی بسم اﷲکہی اور کھانا کھایا۔ (3)اسی کے مثل امام احمد و ابو داود و نسائی و حاکم نے بھی روایت کی ہے۔ 

    حدیث ۹: ابن عساکر نے عقبہ بن عامررضی اللہ تعالٰی عنہ سے روایت کی کہ حضور(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے فرمایاکہ''جس کھانے پر اﷲ(عزوجل)کا نام ذکر نہ کیا ہو، وہ بیماری ہے اور اس میں برکت نہیں ہے اور اس کا کفارہ یہ ہے کہ اگر ابھی دسترخوان نہ اٹھایا گیا ہو تو بسم اﷲ پڑھ کر کچھ کھالے اور دسترخوان اٹھایا گیا ہو تو بسم اﷲ پڑھ کر انگلیاں چاٹ لے۔''(4)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ ''شرح السنۃ''،کتاب الأطعمۃ،باب التسمیۃ علی الأکل...إلخ، الحدیث: ۲۸۱۸،ج۶،ص۶۱۔۶۲.

2۔۔۔۔۔۔ ''سنن أبي داود''،کتاب الأطعمۃ،باب التسمیۃ علی الطعام،الحدیث:۳۷۶۸،ج۳،ص۳۸۸. 

3۔۔۔۔۔۔ ''صحیح مسلم''،کتاب الأشربۃ،باب آداب الطعام والشرب...إلخ، الحدیث:۱۰۲۔(۲۰۱۷)،ص۱۱۱۶. 

4۔۔۔۔۔۔ ''تاریخ دمشق'' لابن عساکر، رقم: ۱۲۴۷۴،ج۶۰،ص۳۲۵.
Flag Counter