Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
349 - 357
سے کسی ایک کو معیَّن نہیں کیا تھا تو دوسرا شخص مالک کی جانب سے قربانی نہیں کرسکتا اگر کریگا توتاوان لازم ہوگا ذبح کے بعد مالک اوس کی قربانی کی نیت کرے بیکار ہے یعنی اس صورت میں قربانی نہیں ہوئی۔(1) (ردالمحتار) 

    مسئلہ ۴۱: دوسرے کی بکری غصب کر لی اور اوس کی قربانی کر لی اگر مالک نے زندہ بکری کا اوس شخص سے تاوان لے لیا تو قربانی ہوگئی مگر یہ شخص گنہگار ہے اس پر توبہ و استغفار لازم ہے اور اگر مالک نے تاوان نہیں لیا بلکہ ذبح کی ہوئی بکری لی اور ذبح کرنے سے جو کچھ کمی ہوئی اوس کا تاوان لیا تو قربانی نہیں ہوئی۔ (2)(ردالمحتار) 

    مسئلہ ۴۲: اپنی بکری دوسرے کی طرف سے ذبح کر دی اوس کے حکم سے ایسا کیا یا بغیر حکم بہرصورت اوس کی قربانی نہیں کیونکہ اوس کی طرف سے قربانی اوس وقت ہوسکتی ہے جب اوس کی مِلک ہو۔(3) (شلبیہ) 

    مسئلہ ۴۳: ایک شخص کے پاس کسی کی بکری امانت کے طور پر تھی امین نے قربانی کر دی یہ قربانی صحیح نہیں نہ مالک کی طرف سے نہ امین کی طرف سے اگرچہ مالک نے امین سے اپنی بکری کا تاوان لیا ہو اسی طرح اگر کسی کا جانور اس کے پاس عاریت یا اجارہ کے طور پر(4)ہے اور اس نے قربانی کر دیا یہ قربانی جائز نہیں۔ مرہون کو(5)راہن نے(6)قربانی کیا تو ہو جائے گی کہ جانور اوس کی مِلک ہے اور مرتہن نے کیا تو اس میں اختلاف ہے۔ (7)(ردالمحتار) 

    مسئلہ ۴۴: مویشی خانہ کے جانور ایک مدت مقررہ کے بعد نیلام ہو جاتے ہیں اور بعض لوگ اوسے لے لیتے ہیں اس کی قربانی جائز نہیں کیونکہ یہ جانور اس کی مِلک نہیں۔ 

    مسئلہ ۴۵: دو شخصوں کے مابین ایک جانور مشترک ہے(8)اوس کی قربانی نہیں ہوسکتی کہ مشترک مال میں دونوں کا حصہ ہے ایک کا حصہ دوسرے کے پاس امانت ہے اور اگر دو جانوروں میں دو شخص برابر کے شریک ہیں ہر ایک نے ایک ایک کی قربانی کر دی دونوں کی قربانیاں ہو جائیں گی۔ (9)(ردالمحتار) 

    مسئلہ ۴۶: ایک شخص کے نو بال بچے ہیں اور ایک خود، اوس نے دس بکریوں کی قربانی کی اور یہ نیت نہیں کہ کس کی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الأضحیۃ،ج۹،ص۵۴۷.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

3۔۔۔۔۔۔''حاشیۃ الشلبیۃ''ھامش علی''تبیین الحقائق''،کتاب الأضحیۃ،ج ۶،ص۴۸۸.

4۔۔۔۔۔۔یعنی کرائے کے طورپر۔    5۔۔۔۔۔۔رہن رکھی ہوئی چیزکو۔    6۔۔۔۔۔۔رہن رکھوانے والے نے۔

7۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الأضحیۃ،ج۹،ص۵۴۷.

8۔۔۔۔۔۔یہاں جانورسے مرادبکری یااس جیساجانورمرادہے جس میں صرف ایک حصہ ہوتاہے۔...علمیہ 

9۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الأضحیۃ،ج۹،ص۵۴۸.
Flag Counter