Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
321 - 357
    حدیث ۳: احمد و نسائی و دارمی عبداﷲبن عَمْرْو رضی اللہ تعالٰی عنہماسے راوی کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:''جس نے چڑیا یا کسی جانور کو ناحق قتل کیا اوس سے اﷲ تعالیٰ قیامت کے دن سؤال کریگا عرض کیا گیا یارسول اﷲ!(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم )اوس کا حق کیا ہے فرمایا کہ''اوس کا حق یہ ہے کہ ذبح کرے اور کھائے یہ نہیں کہ سر کاٹے اور پھینک دے۔''(1) 

    حدیث ۴: ترمذی و ابو داود ابو واقد لیثی رضی اللہ تعالٰی عنہ سے راوی کہتے ہیں جب نبی کریم صلَّی اللہ علیہ وسلَّم مدینہ میں تشریف لائے اس زمانہ میں یہاں کے لوگ زندہ اونٹ کا کوہان کاٹ لیتے اور زندہ دنبہ کی چکی کاٹ لیتے حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم )نے فرمایا:''زندہ جانور کا جو ٹکڑا کاٹ لیا جائے وہ مردار ہے کھایا نہ جائے''۔(2) 

    حدیث ۵: دارقطنی جابر رضی اللہ تعالٰی عنہ سے راوی کہ رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:''دریا کے جانور (مچھلی)کو خدا نے حلال کر دیا ہے''۔(3) 

    حدیث ۶: صحیح بخاری و مسلم میں ابو قتادہ رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی انھوں نے حمار وحشی(گورخر)دیکھا اوس کا شکار کیا حضور اقدس صلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم نے فرمایا:''کیا تمہارے پاس اوس کے گوشت میں کا کچھ ہے''؟ عرض کی ہاں اوس کی ران ہے اوس کو حضور(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے قبول فرمایا اور کھایا۔ (4) 

    حدیث ۷: صحیح بخاری و مسلم میں انس رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی کہتے ہیں ہم نے مَرّ الظَھْرَان(5)میں خرگوش بھگا کر پکڑا میں اوس کو ابو طلحہ رضی اﷲ تعالٰی عنہ کے پاس لایا انھوں نے ذبح کیا اور اوس کی پُٹھ اور رانیں حضور (صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)کی خدمت میں بھیجیں حضور(صلَّی اللہ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)نے قبول فرمائیں۔ (6)

    حدیث ۸: صحیحین میں ابو موسیٰ اشعری رضی اللہ تعالٰی عنہ سے مروی کہتے ہیں میں نے رسول اﷲصلَّی اللہ تعالٰی علیہ وسلَّم کو مرغی کا گوشت کھاتے دیکھا ہے۔(7)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''المسند'' للإمام أحمد بن حنبل،مسندعبداللہ بن عمرو،الحدیث:۶۵۶۲،ج۲،ص۵۶۷.

و''سنن النسائي''،کتاب الصید...إلخ،باب إباحۃ أکل العصافیر،الحدیث:۴۳۵۵،ص۷۰۷.

2۔۔۔۔۔۔''جامع الترمذي''،کتاب الأطعمۃ،باب ما قطع من الحی...إلخ،الحدیث:۱۴۸۵،ج۳،ص۱۵۳.

3۔۔۔۔۔۔''سنن الدارقطني''،کتاب الأشربۃوغیرہا،باب الصید...إلخ،الحدیث:۴۶۶۶،ج۴،ص۳۱۷.

4۔۔۔۔۔۔''صحیح مسلم''،کتاب الحج،باب تحریم الصیدللمحرم،الحدیث:۵۷۔(۱۱۹۶)و۶۳۔(۱۱۹۶)،ص۶۱۱،۶۱۳.

5۔۔۔۔۔۔ مکہء مکرمہ کے قریب ایک جگہ کا نام۔

6۔۔۔۔۔۔''صحیح البخاري''،کتاب الذبائح...إلخ،باب ماجاء فی التصید،الحدیث:۵۴۸۹،ج۳،ص۵۵۴.

7۔۔۔۔۔۔''صحیح البخاري''،کتاب الذبائح...إلخ،باب الدجاج،الحدیث:۵۵۱۷،ج۳،ص۵۶۳.
Flag Counter