Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
319 - 357
    مسئلہ۳۲: دو بکریوں کو نیچے اوپر لٹا کر دونوں کو ایک ساتھ بسم اﷲپڑھ کر ذبح کر دیا دونوں حلال ہیں اور اگر ایک کو ذبح کر کے فوراً دوسری کو ذبح کرنا چاہتا ہے تو اوس کو پھر بسم اﷲپڑھنی ہوگی پہلے جو پڑھ چکا ہے وہ دوسری کے لیے کافی نہیں۔ (1)(درمختار) 

    مسئلہ۳۳: بکری ذبح کے لیے لٹائی تھی بسم اﷲکہہ کر ذبح کرنا چاہتا تھا کہ وہ اوٹھ کر بھاگ گئی پھر اوسے پکڑ کے لایا اور لٹایا تو اب پھر بسم اﷲپڑھے پہلے کا پڑھنا ختم ہوگیا۔ یوہیں بکریوں کاگلہ (2)دیکھا اور بسم اﷲ پڑھ کر اون میں سے ایک بکری پکڑ لایا اور ذبح کر دی اس وقت قصداً بسم اﷲ ترک کر دی یہ خیال کر کے کہ پہلے پڑھ چکا ہے بکری حرام ہوگئی۔ (3) (عالمگیری) 

    مسئلہ۳۴: پلاؤ جانور اگر بھاگ جائے اور پکڑنے میں نہ آئے تو اس کے لیے ذبح اضطراری ہے یعنی تیر یا نیزہ وغیرہ سے بہ نیت ذبح بسم اللہ پڑھ کر ماریں اور اس کے لیے گردن میں ہی ذبح کرنا ضرور نہیں بلکہ جس جگہ بھی زخمی کر دیا جائے کافی ہے۔ یوہیں اگر جانور کوئیں میں گر گیا اوس کو نیزہ وغیرہ سے بہ نیت ذبح بسم اﷲکہہ کر ہلاک کر دیں ذبح ہوگیا۔ اسی طرح 

اگر جانور اس پر حملہ آور ہوا جیسا کہ بھینسے اور سانڈ اکثر حملہ کر دیتے ہیں ان کو بھی اوسی طرح ذبح کیا جاسکتا ہے اور اگر محض اپنے سے دفع کرنے کے لیے اوسے نیزہ مارا ذبح کرنا مقصود نہ تھا تو جانور حرام ہے۔(4) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ۳۵: آبادی میں اگر بکری بھاگ گئی تو اس کے لیے ذبح اضطراری نہیں ہے کہ بکری پکڑی جاسکتی ہے اور میدان میں بھاگ گئی تو ذبح اضطراری ہوسکتا ہے اور گائے، بیل، اونٹ اگر بھاگ جائیں تو آبادی اور جنگل دونوں کا ان کے لیے یکساں حکم ہے ہوسکتا ہے کہ آبادی میں بھی ان کے پکڑنے پر قدرت نہ ہو۔ (5)(ہدایہ وغیرہا) 

    مسئلہ ۳۶: مرغی اوڑ کر درخت پر چلی گئی اگر وہاں تک نہیں پہنچ سکتا ہے اور بسم اﷲپڑھ کر اوسے تیر مار کرہلاک کیا اگر اوس کے جاتے رہنے کا اندیشہ نہ تھا تو نہ کھائی جائے اور اندیشہ تھا تو کھا سکتے ہیں کہ اس صورت میں ذبح اضطراری ہوسکتا ہے۔ کبوتر اوڑ گیا اگر وہ مکان پر واپس آسکتا ہے اور اوسے تیرسے مارا اگر تیر جائے ذبح پر لگا
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الذبا ئح،ج۹،ص۵۰۴.

2۔۔۔۔۔۔بکریوں کا ریوڑ۔

3۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الذبا ئح،الباب الاول فی رکنہٖ...إلخ،ج۵،ص۲۸۹.

4۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الذبا ئح،ج۹،ص۵۰۵.

5۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب الذبائح،ج۲،ص۳۵۰،وغیرھا.
Flag Counter