Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
290 - 357
بیل اور بیج ایک کے اور زمین اور کام دوسرے کایا ؔ۳ یہ کہ ایک کے ذمہ فقط بیل ۴ یا ؔ بیج باقی سب کچھ دوسرے کا یہ چاروں صورتیں ناجائز و باطل ہیں۔(1) (درمختار) 

    مسئلہ ۳: مزارَعت جب صحیح ہو تو جو کچھ پیداوار ہو اُس کو اس طور پر تقسیم کریں جیسا طے ہوا ہے اور کچھ پیداوار نہ ہوئی توکسی کو کچھ نہیں ملے گا اور اگر مزارَعت فاسد ہو تو بہرصورت کام کرنے والے کو اُجرت ملے گی پیداوار ہو یا نہ ہو۔(2) (درمختار) 

    مسئلہ ۴: تین یا چار شخص مزارعت میں شریک ہوئے یوں کہ ایک کے فقط بیج یا بیل ہوں گے یا یوں کہ ایک کی زمین اور ایک کے بیج اور ایک کے بیل اور ایک کام کریگا یا یوں کہ ایک کی زمین اور بیج اور دوسرے کے بیل اور تیسرا کام کریگا یہ سب صورتیں مزارعت فاسدہ کی ہیں۔ (3)(ردالمحتار) 

    مسئلہ ۵: عقدِ مزارَعت ہو جانے کے بعد یہ عقد لازم ہوتا ہے یا نہیں اس میں یہ تفصیل ہے کہ جس کے بیج ہوں گے اس کی جانب سے لازم نہیں وہ اس پر عمل پیرا ہونے سے انکار کرسکتا ہے اور جس کے بیج نہیں اس پر لازم ہے یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجھے یہ عقد منظور نہیں بلکہ اس کو عقد کے موافق کرنا ہی پڑے گااور بیج زمین میں ڈال دینے کے بعد دونوں طرف سے لازم ہوگیا کوئی بھی انکار نہیں کرسکتا۔ (4)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۶: جس کے بیج ہیں اگر وہ اس عقد سے انکار اس وجہ سے کرتا ہے کہ وہ خود اپنے ہاتھ سے بونا چاہتا ہے یا اس کو کوئی دوسرا شخص مل گیا جو کم میں کام کریگا مثلاً یہ مزارع نصف لینا چاہتا ہے وہ دوسرا تہائی پر کام کرنے کو طیار ہے ان صورتوں میں بیج والا انکار نہیں کرسکتا اُس کو اس عقد کے موافق کرنا ہی ہوگا۔(5) (ردالمحتار) 

    مسئلہ ۷: مزارعت میں اگر مزارِع کے ذمہ کھیت کا جو تنا(6)شرط ہے جب تو اُسے جوتنا ہی ہے اور اگر عقد میں یہ شرط مذکور نہ ہوئی تو اس کی دو صورتیں ہیں۔ اگر وہ زمین ایسی ہے کہ بغیر جوتے بھی اس میں ویسی ہی پیداوار ہوسکتی ہے جو مقصود ہے تو جبراً اس سے نہیں جتوایا جاسکتا اور اگر بغیر جوتے کچھ پیداوار نہ ہوگی یا بہت کم ہوگی تو کھیت جوتنے پر مجبور کیا جائے گا۔ یہی حکم آبپاشی کا(7)ہے کہ اگر محض آسمانی بارش کافی ہے پانی نہ دیا جائے جب بھی ٹھیک پیداوار ہوگی تو پانی دینے پر مجبور نہیں
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب المزارعۃ،ج۹،ص۴۶۲.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۴۶۴۔۴۶۶.

3۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب المزارعۃ ،ج۹،ص۴۶۴.

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب المزارعۃ،الباب الأول فی شرعیتھا...إلخ،ج۵،ص۲۳۷.

5۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار'' ،کتاب المزارعۃ،ج۹،ص۴۶۵.

6۔۔۔۔۔۔ زمین کو قابلِ کا شت بنانا، ہل چلانا۔        7۔۔۔۔۔۔زمین کو پانی دینے کا۔
Flag Counter