Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
289 - 357
اورجومقدار ہو ہر ایک کے لیے اوس کا متعین ہو جانا ضرور ہے مثلاً نصف یا تہائی یا چوتھائی اور جو کچھ حصہ ہو وہ جز و شائع ہو لہٰذا اگر ایک کے لیے یہ ٹھہرا کہ ایک من یا دو من دیے جائیں گے تو صحیح نہیں۔ یوہیں اگر یہ ٹھہرا کہ بیج کی مقدار نکالنے کے بعد باقی کو اس طرح تقسیم کیا جائے گا تو مزارعت صحیح نہ ہوئی۔ اسی طرح اگر یہ ٹھہرا کہ کھیت کے اس حصہ کی پیداوار فلاں لے گا اور باقی فلاں یا باقی کو دونوں میں تقسیم کیا جائے گا یہ مزارعت صحیح نہیں۔ اور اگر یہ ٹھہرا کہ زمین کا عشر(1)نکال کر باقی کو تقسیم کیا جائے گا تو حرج نہیں۔ یوہیں اگر یہ طے ہوا کہ دونوں میں ایک کو پہلے پیداوار کا دسواں حصہ دیا جائے اُس کے بعد اس طرح تقسیم ہو تو اس میں بھی حرج نہیں۔ (2)

    شروط مندرجہ ذیل سے مزارعت فاسد ہو جاتی ہے۔ ۱ پیداوا ؔ  ر کا ایک کے لیے مخصوص ہونا۔۲ مالک ؔ  زمین کے کام کرنے کی شرط۔۳ ہل ؔ  بیل مالک زمین کے ذمہ شرط کر دینا۔ کھیت کاٹنا اور ڈھوکر(3)خِرْمَنْ(4)میں پہنچانا پھر دائیں چلانا اور غلہ کو بھوسہ اوڑا کر جدا کرنا ان سب کو مزارع پر شرط کرنا مفسد ہے یا نہیں اس میں دو روایتیں ہیں اور یہاں کا عرف یہ ہے کہ یہ چیزیں بھی مزارع (5)ہی کرتا ہے مگر رواج یہ ہے کہ ان سب چیزوں میں مزدوری جو کچھ دی جاتی ہے وہ مشترک غلہ سے دی جاتی ہے مزارع اپنے پاس سے نہیں دیتا بلکہ ان تمام مصارف کے بعد جو کچھ غلہ بچتا ہے وہ حسب قرار دادتقسیم ہوتا ہے۔۴ ایک ؔ کو غلہ ملے گا اور دوسرے کو صرف بھوسا۔۵ غلہؔ  بانٹا جائے گا اور بھوسا وہ لے گا جس کے بیج نہیں ہیں مثلاً مالک زمین۔ ۶ بھو ؔسا بانٹا جائے گااور غلہ صرف ایک کو ملے گا۔ اور اگر یہ شرط ہے کہ غلہ بنٹے گا اور بھوسا اُس کو ملے گا جس کے بیج ہیں جیسا یہاں کا یہی عرف ہے کہ مزارع ہی بیج دیتا ہے اور بھوسہ لیتا ہے یہ صورت صحیح ہے۔ یوہیں اگر بھوسے کے متعلق کچھ ذکر ہی نہ آیا کہ اس کو کون لے گا یہ بھی صحیح ہے مگر اس صورت میں بھوسا کون لے گا اس میں دو قول ہیں ایک یہ کہ یہ بھی بٹے گا دوسرا یہ کہ جس کے بیج ہیں اسے ملے گا یہی ظاہر الروایہ ہے اور یہاں کا عرف دوسرے قول کے موافق ہے۔ (6)

    مسئلہ ۲: ۱ ایک ؔ  شخص کی زمین اور بیج اور دوسرا شخص اپنے ہل بیل سے جوتے بوئے گا ۲ یا ؔ  ایک کی فقط زمین باقی سب کچھ دوسرے کا یعنی بیج بھی اسی کے اور ہل بیل بھی اسی کے اور کام بھی یہی کریگا ۳ یا ؔ  مزارع صرف کام کریگا باقی سب کچھ مالک زمین کا ،یہ تینوں صورتیں جائز ہیں۔ اور اگر یہ ہو کہ ۱ زمین ؔ  اور بیل ایک کے اور کام کرنا اور بیج مزارع کے ذمہ یا ؔ۲ یہ کہ
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔یعنی پیداوار کا دسواں حصہ۔

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب المزارعۃ،ج۹،ص۴۵۸-۴۶۰.

و''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب المزارعۃ،الباب الأول فی شرعیتھا...إلخ،ج۵،ص۲۳۵،۲۳۶.

3۔۔۔۔۔۔یعنی ایک جگہ سے اُٹھاکر دوسری جگہ لے جانا۔    4۔۔۔۔۔۔غلے کا ڈھیرلگانے کی جگہ۔        5۔۔۔۔۔۔کاشتکار۔

6۔۔۔۔۔۔''الدر المختار''و''ردالمحتار''،کتاب المزارعۃ،ج۹،ص۴۶۰-۴۶۴.

و''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب المزارعۃ،الباب الأول فی شرعیتھا...إلخ،ج۵،ص۲۳۶.
Flag Counter