Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
285 - 357
 (ولی بھی تقسیم کرسکتاہے)
    مسئلہ ۷: جو شخص کسی کی چیز بیع کرسکتا ہے وہ اس کے اموال کی تقسیم بھی کراسکتا ہے۔ نابالغ اور مجنوں و معتوہ کے اموال کی تقسیم باپ نے کرائی یہ جائز ہے جب تک اس تقسیم میں غبن فاحش نہ ہو۔ باپ نہ ہو تو اس کا وصی باپ کے قائم مقام ہے اور باپ کا وصی نہ ہو تو دادا اس کے قائم مقام ہے۔ ماں نے اولاد کے لیے ترکہ چھوڑا ہے اور کسی کو وصی مقرر کر گئی ہے یہ وصی اس ترکہ میں تقسیم کراسکتا ہے بشرطیکہ وہ تینوں جن کا پہلے ذکر کیا گیا نہ ہوں مگر ماں کا وصی جائداد غیر منقولہ(1)میں تقسیم نہیں کراسکتا۔ ماں اور بھائی اور چچا اور نابالغہ عورت کے شوہر کو یا بالغہ عورت جو غائب ہے اس کے شوہر کو تقسیم کرانے کا حق نہیں۔(2) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۸: نابالغ مسلم کا باپ کافر ہے یہ اس کی ملک کی تقسیم نہیں کراسکتا۔ یوہیں اگر نابالغ آزاد ہے اور اس کا باپ غلام ہے یا مکاتب اسے بھی ولایت حاصل نہیں اسی طرح پڑا ہوا بچہ کوئی اوٹھا لایا وہ اگرچہ اس کی پرورش میں ہو اس کے اموال کویہ تقسیم نہیں کراسکتا۔ (3)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۹: قاضی نے یتیم کے لیے کسی کو وصی مقرر کر دیا ہے اگر یہ ہر چیز میں وصی ہے تو تقسیم کراسکتا ہے جائداد منقولہ اور غیر منقولہ سب کی تقسیم کراسکتا ہے اور اگر وہ نفقہ یا کسی معین چیز کی حفاظت کے لیے وصی ہے تو تقسیم نہیں کراسکتا اور باپ کا وصی اگر ایک چیز میں وصی ہے تو سب چیزوں میں وصی ہے۔(4) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۰: ایک شخص دو بچوں کا وصی ہے تو ان کے مشترک اموال کو تقسیم نہیں کراسکتا جس طرح ایک کے مال کو دوسرے کے مال سے بیع نہیں کرسکتا۔(5)اور باپ اپنے نابالغ بچوں کے مشترک مال کو تقسیم کرسکتا ہے جس طرح ایک کے مال کو دوسرے کے مال سے بیع کرسکتا ہے۔ وصی اگر دونوں نابالغوں کے اموال کو تقسیم کرانا ہی چاہتا ہے تو اس کا حیلہ یہ ہے کہ ایک کا حصہ کسی کے ہاتھ بیع کر دے پھر اس مشتری اور دوسرے نابالغ کے مابین تقسیم کرائے پھر اس مشتری سے پہلے نابالغ کی طرف سے خرید لے دونوں کے حصہ ممتاز ہو جائیں گے۔ دوسری صورت یہ ہے کہ دونوں کے مال فروخت کر دے پھر ہر ایک کے لیے مشتری سے ممتاز کر کے خرید لے۔(6) (عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔وہ جائداد جو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہ ہوسکے۔

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب القسمۃ،الباب السابع فی بیان من یلی القسمۃ...إلخ،ج۵،ص۲۱۹.

3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق .    4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق .

5۔۔۔۔۔۔یعنی بیچ نہیں سکتا۔

6۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب القسمۃ، الباب السابع فی بیان من یلی القسمۃ...إلخ،ج۵،ص۲۱۹.
Flag Counter