Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
280 - 357
    مسئلہ ۴۵: تقسیم میں ایک شریک نے بیع یا ہبہ یا صدقہ کی شرط کی یعنی اس شرط پر تقسیم کرتا ہوں کہ میرا یہ مکان یا مکان مشترک میں جو میرا حصہ ہے تم خرید لو یا فلاں چیز مجھ کو ہبہ یا صدقہ کر دو یہ تقسیم فاسد ہے۔ تقسیم فاسد میں قبضہ کرنے سے مِلک حاصل ہو جائے گی اور تصرفات نافذ ہوں گے۔(1) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۴۶: مکان مشترک کی اس طرح تقسیم ہوئی کہ ایک شریک پوی زمین لے گا اور دوسرا ساری عمارت لے گا زمین اس کو بالکل نہیں ملے گی اس کی تین صورتیں ہیں۔ ایک یہ کہ جس کے حصہ میں عمارت آئی اس سے شرط یہ ٹھہری ہے کہ عمارت کھود کر نکال لے گا یہ صورت جائز ہے۔ دوسری صورت یہ کہ عمارت کھودنے یا نہ کھودنے کا کوئی ذکر نہیں ہوا یہ بھی جائز ہے۔ تیسری صورت یہ ہے کہ عمارت باقی رکھنے کی شرط ہے اس صورت میں تقسیم فاسد ہے۔(2) (عالمگیری)
مُہایاۃ کا بیان
    مسئلہ ۱: کبھی ایسا بھی ہوتا ہے کہ مشترک چیز کو تقسیم نہ کریں اُس کو مشترک ہی رکھیں اور ہر ایک شریک نوبت اور باری کے ساتھ اس چیز سے نفع اوٹھائے اسے اصطلاح فقہا میں مہایاۃ اور تہایُوء کہتے ہیں۔ اس طور پر نفع اوٹھانا شرعاً جائز ہے بلکہ اگر بعض شرکا قاضی کے پاس اس کی درخواست کریں اور دوسرے شرکا اِنکار کریں تو قاضی ان کو مہایاۃ پر مجبور کریگا۔ البتہ اگر بعض مہایاۃ کو چاہیں اور دوسرے تقسیم کرانا چاہیں تو قاضی تقسیم کا حکم دے گا کہ تقسیم کا مرتبہ مہایاۃ سے بڑھ کر ہے۔(3) (عنایہ) 

    مسئلہ ۲: جو چیز قابل تقسیم ہے اوس سے بطور مہایاۃ دونوں نفع اوٹھا رہے تھے پھر ایک نے تقسیم کی درخواست کی تو تقسیم کر دی جائے گی اور مہایاۃ باطل کر دی جائے گی اور دونوں شریکوں میں سے کوئی مر گیا یا دونوں مر گئے اس سے مہایاۃ باطل نہیں ہوگی بلکہ جو مرگیا اس کا وارث اس کے قائم مقام ہوگا۔ (4)(ہدایہ) 

    مسئلہ ۳: مہایاۃ کی کئی صورتیں ہیں۔ایک۱؎ مکان کے ایک حصہ میں ایک رہتا ہے دوسرے میں دوسرا، یا۲؎ ایک بالاخانہ پر رہتا ہے دوسرا نیچے کی منزل میں ،یا ۳؎ ایک مہینہ میں ایک رہے گا دوسرے مہینہ میں دوسرا ،یا۴؎ دو مکان ہیں ایک میں ایک رہے گا دوسرے میں دوسرا ،یا۵؎ غلام سے ایک دن ایک شخص کام کرائے گا دوسرے دن دوسرا ،یا۶؎دو غلام ہیں ایک سے ایک خدمت لے گا
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب القسمۃ،الباب الثالث فی بیان مایقسم...إلخ،ج۵،ص۲۱۱.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

3۔۔۔۔۔۔'' العنایۃ''علی''فتح القدیر''،کتاب القسمۃ، فصل فی المھایاۃ،ج۸،ص۳۷۸.

4۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب القسمۃ،فصل فی المھایاۃ،ج۲،ص۳۳۴.
Flag Counter