Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
265 - 357
دعویٰ کرتے ہیں یا کہتے ہیں ہم نے خریدی ہے یا اور کسی سبب سے سب اپنی مِلک و شرکت کا دعویٰ کرتے ہیں یہ لوگ تقسیم کرانا چاہتے ہیں محض ان کے کہنے پر تقسیم کر دی جائے گی ان سے خریداری وغیرہ کے گواہ کا مطالبہ نہیں ہوگا۔ یوہیں جائداد غیر منقولہ کے متعلق اگر یہ لوگ خریدنا بتاتے ہیں یا مِلک مطلق کا دعویٰ کرتے ہیں تو اسے بھی تقسیم کر دیا جائے گا۔(1) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۴: جائداد غیر منقولہ کے متعلق یہ کہتے ہیں کہ یہ ہم کو وراثت میں ملی ہے تو تقسیم اوس وقت کی جائے گی جب لوگ یہ ثابت کر دیں کہ مورث مرگیا اور اُس کے ورثہ ہم ہی ہیں ہمارے سوا کوئی دوسرا وارث نہیں ہے۔ یوہیں اگر کسی جائداد غیر منقولہ کی نسبت چند شخص یہ کہتے ہیں کہ ہمارے قبضہ میں ہے اور تقسیم کرانا چاہتے ہیں تو تقسیم نہیں کی جائے گی جب تک یہ ثابت نہ کردیں کہ وہ جائداد اُنھیں کی ہے۔ کیونکہ ہوسکتا ہے کہ اون کے قبضہ میں ہونا بطور عاریت و اِجارہ ہو۔ (2)(درمختار) 

    مسئلہ ۱۵: شرکا نے مورِث کی موت اور ورثہ کی تعداد کو ثابت کر دیا مگر ان وارثوں میں کوئی نابالغ بھی ہے یا کوئی وارث موجود نہیں ہے غائب ہے تو کسی شخص کو اس نابالغ یا غائب کے قائم مقام کیا جائے گا جو نابالغ کے لیے وصی اور غائب کی طرف سے وکیل ہوگا اس کی موجودگی میں تقسیم ہوگی۔(3) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۶: ایک وارث تنہا حاضر ہوتا ہے اور موتِ مُورِث کو ثابت کرنا چاہتا ہے تو اس کے کہنے پر تقسیم نہیں ہوسکتی جب تک کم از کم دو شخص نہ ہوں اگرچہ ان میں ایک نابالغ ہو یا موصی ا لہ (4)ہو۔(5) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۷: چند اشخاص نے شرکت میں کوئی چیز خریدی ہے یا میراث کے سوا کسی دوسرے طریقہ سے چیز میں شرکت ہے اور ان شرکا میں سے بعض غائب ہیں تو جب تک یہ حاضر نہ ہوں تقسیم نہیں ہوسکتی۔(6) (درمختار) 

    مسئلہ ۱۸: ایک وارث غائب ہے اور جائداد منقولہ کل یا اس کا جز اُسی غائب کے قبضہ میں ہے تو جو ورثہ حاضر ہیں وہ تقسیم نہیں کراسکتے۔یوہیں اگر وارث نابالغ کے قبضہ میں جائداد غیر منقولہ کل یا جز ہے تو بالغین کے مطالبہ پر تقسیم نہیں ہوسکتی۔ (7)(ہدایہ)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب القسمۃ،ج۹، ص۴۲۸۔۴۲۹.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۴۲۹.        3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۴۳۰.

4۔۔۔۔۔۔وہ شخص جس کے لیے وصیت کی گئی۔

5۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب القسمۃ،ج۹،ص۴۳۱.

6۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

7۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب القسمۃ،ج۲،ص۳۲۷.
Flag Counter