Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
266 - 357
کیا چیز تقسیم کی جائے گی اور کیا نہیں
    مسئلہ ۱: مشترک چیز اگر ایسی ہے کہ تقسیم کے بعد ہر ایک شریک کو جو کچھ حصہ ملے گا وہ قابل انتفاع ہوگا تو ایک شریک کی طلب پر تقسیم کر دی جائے گی اور اگر بعد تقسیم بعض شریک کو اتنی قلیل ملے گی کہ نفع کے قابل نہ ہوگی اور تقسیم وہ شخص چاہتا ہے جس کا حصہ زیادہ ہے تو تقسیم کر دی جائے گی اور جس کا حصہ اتنا کم ہے کہ بعد تقسیم قابلِ نفع نہیں رہے گا اس کی طلب پر تقسیم نہیں ہوگی۔ (1)(ہدایہ) 

    مسئلہ ۲: تقسیم کے بعد ہر شریک کو اتنا ہی حصہ ملے گا جو قابل نفع نہیں تو جب تک سب شرکا راضی نہ ہوں ایک کے چاہنے سے تقسیم نہیں ہوگی مثلاًدکان دو شخصوں کی شرکت میں ہے اگر تقسیم کے بعد ہر ایک کو دکان کا اتنا حصہ ملتا ہے کہ جو کام اس میں کر رہا تھا اب بھی کرسکے گا تو ہر ایک کے کہنے سے تقسیم کر دی جائے گی اور اتنا حصہ نہ ملے تو تقسیم نہیں ہوگی جب تک دونوں راضی نہ ہوں۔(2) (ہدایہ، درمختار) 

    مسئلہ ۳: ایک ہی جنس کی چیز ہو یا چند طرح کی چیزیں ہوں مگر ہر ایک میں تقسیم کرنی ہو یعنی مثلاًصرف گیہوں یا صرف جَو ہوں یا دونوں ہوں مگر دونوں میں تقسیم کرنی ہو تو ایک کے کہنے سے قاضی تقسیم کر دے گا اور اگر دو قسم کی چیزیں ہوں مگر دونوں میں تقسیم جاری نہ کرنی ہو بلکہ ایک کو ایک چیز دے دی جائے اور دوسرے کو دوسری اس طرح کی تقسیم بغیر ہر ایک کی رضامندی کے نہیں ہوسکتی۔ (3)(درمختار وغیرہ) 

    مسئلہ ۴: جواہر کی تقسیم بغیر رضامندی شرکا نہیں ہوسکتی۔ کیونکہ ان میں بہت زیادہ تفاوت(4)ہوتا ہے۔ یوہیں حمام اور کوآں اور چکی کہ ان کی جبریہ(5)تقسیم نہیں ہوسکتی کہ تقسیم کے بعد وہ چیز قابلِ اِنتفاع(6)نہ رہے گی۔ اور حمام اگر بڑا ہے کہ بعد تقسیم ہر ایک کو جو کچھ حصہ ملے گا وہ کام کے قابل رہے گا تو تقسیم کر دیا جائے گا اور اگر رضامندی کے ساتھ حمام کو تقسیم کرنا چاہتے ہیں تو تقسیم ہوسکتی ہے اگرچہ تقسیم کے بعد ہر ایک کا حصہ حمام نہ رہے کیونکہ ہوسکتا ہے کہ ان شرکا کا مقصود ہی یہ ہے کہ اسے حمام نہ رکھیں بلکہ کسی دوسرے کام میں لائیں۔ (7)(درمختار، ردالمحتار، عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب القسمۃ، فصل فیما یقسم...إلخ،ج۲،ص۳۲۷.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۳۲۹.

و''الدرالمختار''،کتاب القسمۃ،ج۹،ص۴۳۳.

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب القسمۃ،ج۹، ص۴۳۳،وغیرہ.

4۔۔۔۔۔۔فرق۔    5۔۔۔۔۔۔غیررضامندی۔    6۔۔۔۔۔۔نفع اُٹھانے کے قابل۔

7۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب القسمۃ،ج ۹، ص۴۳۴.

و''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب القسمۃ،الباب الثالث فی بیان ما یقسم...إلخ،ج۵،ص۲۰۸.
Flag Counter