Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
219 - 357
    مسئلہ ۱۶: کپڑا غصب کر کے دھویا یا اُس میں پھننے (1)بنائے جس طرح رومال، تولیا میں بناتے ہیں تو مالک اپناکپڑا لے لے اور غاصب کو دھونے یا پھننے بٹنے کا کوئی معاوضہ نہیں دیا جائے گا ہاں اگر جھالر لگائی تو اُس کا حکم وہی ہے جو رنگ کا ہے۔ (2)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۷: ستو غصب کر کے اُس میں گھی مل دیا تو مالک کو اختیار ہے کہ ستو کا تاوان لے اور یہ ستو غاصب کو دیدے یا یہ ستو خود لے لے اور اُتنا ہی گھی غاصب کو دیدے۔ (3)(درمختار) 

    مسئلہ ۱۸: چاندی یا سونے کے زیور یا برتن غصب کر کے توڑ پھوڑ ڈالے تو مالک کو اختیار ہے کہ وہی ٹوٹا پھوٹا لے لے اور توڑنے سے جو نقصان ہوا ہے اس کا معاوضہ کچھ نہیں مل سکتا کہ سود ہوگا اور چاہے تو یہ کرسکتا ہے کہ چاندی کے زیور یا برتن کی قیمت سونے سے لگا کر اُتنا سونا لے لے اور سونے کے برتن یا زیور کی قیمت چاندی سے لگا کر اُتنی چاندی لے لے کہ جنس بدل جانے کی صورت میں سود نہ ہوگا۔(4) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۹: چاندی کی چیز پر سونے کا ملمع تھا غاصب نے ملمع دور کر دیا مالک کو اختیار ہے کہ اپنی یہی چیز لے لے اور نقصان کا معاوضہ کچھ نہیں لے سکتا اور چاہے تو غیر جنس سے اُس ملمع شدہ چیز کی قیمت کا تاوان لے اور اگر بیع میں یہی صورت ہوتی کہ ملمع شدہ چیز خرید کر مشتری (5)نے اُس کے ملمع کو دور کر دیا پھر اُس کے بعد اس چیز کے کسی عیب سابق پر(6)مطلع ہوا تو نہ چیز کوواپس کرسکتا کہ اُس نے اُس میں ایک جدید عیب پیدا کر دیا اور نہ نقصان لے سکتا کہ سود ہوگا۔(7) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۲۰: تانبے لوہے پیتل کی چیزیں اگر اپنی صنعت کی وجہ سے حدوزن سے خارج نہ ہوئی ہوں یعنی اب بھی وہ وزن سے بکتی ہوں اور اُن کو غاصب نے خراب کر ڈالا تو مالک کو اختیار ہے کہ اُسی جنس کو تاوان میں لے اور اس صورت میں کچھ زیادہ نہیں لے سکتا اور چاہے تو روپے پیسے سے اُس کی قیمت لے لے خرابی تھوڑی ہو یا زیادہ سب کا ایک حکم ہے۔ اور اگر حد وزن سے خاج ہو کر گنتی سے بکتی ہوں تو اگر تھوڑا نقصان ہے مالک یہی کرسکتا ہے کہ چیز اپنے پاس رکھ لے اور نقصان کا معاوضہ لے،
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔دھاگے یا ریشم کا پھول یا گچھا۔

2۔۔۔۔۔۔ ''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الغصب،الباب الثانی فی أحکام المغصوب... إلخ،ج۵،ص۱۲۲.

3۔۔۔۔۔۔ ''الدرالمختار''،کتاب الغصب،ج۹،ص ۳۲۹.

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الغصب،الباب الثانی فی أحکام المغصوب...إلخ،ج۵،ص۱۲۳.

5۔۔۔۔۔۔خریدار۔    6۔۔۔۔۔۔یعنی خریدنے سے پہلے جوعیب تھا اُس پر۔ 

7۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الغصب،مطلب: شری داراً...إلخ،ج۹،ص۳۲۶.
Flag Counter