Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
214 - 357
    مسئلہ ۲۳: کسی کی جائداد غیر منقولہ (1)چھین لی (یہ حقیقۃً غصب نہیں ہے جیسا کہ ہم نے پہلے بیان کیا)اگر یہ چیز موجود ہے تو مالک کو دلا دی جائے گی اور اگر ہلاک ہوگئی مثلاًمکان تھا گر گیا اور ہلاک ہونا آفت سماویہ(2)سے ہو مثلاًزمین دریا برد ہوگئی ،مکان بارش کی کثرت یا زلزلہ یا آندھی سے گر گیا تو ضمان واجب نہیں اور اگر ہلاک ہونا کسی کے فعل سے ہو تو اس پر ضمان واجب ہے۔غاصب نے ہلاک کیا ہو تو غاصب تاوان دے کسی اور نے کیا ہو تو وہ دے اور اگر وہ چیز مثلاًمکان موجود ہے مگر غاصب کے رہنے استعمال کرنے کی وجہ سے اس میں نقصان پیدا ہوگیا ہے یا کھیت میں زراعت کرنے کی وجہ سے زمین کمزور ہوگئی تو اس نقصان کا تاوان دینا ہوگا۔ اور نقصان کا اندازہ یوں کیا جائے گا کہ اس زمین کا اس حالت میں کیا لگان (3)ہوتا اور اب کیا ہے، مکان کی اوس حالت میں کیا قیمت ہوتی اور اس حالت میں کیا ہے۔ (4)(ہدایہ، عالمگیری وغیرہما) 

    مسئلہ ۲۴: زمین غصب کی اور کاشت کی جس کی وجہ سے اسے زمین کا نقصان دینا پڑا تو بیج اور یہ نقصان کی مقدار پیداوار میں سے لے لے باقی جو کچھ غلہ ہے اسے تصدق کر دے مثلاً من بھر بیج ڈالے تھے اور ایک من کی قیمت کی قدر ضمان دینا پڑا اور کھیت میں چار من غلہ پیدا ہوا تو دو من خود لے لے اور دو من صدقہ کر دے۔ (5) (عالمگیری)

    مسئلہ ۲۵: جائداد موقوفہ مکان یا زمین کو غصب کیا اس کا تاوان دینا ہوگا اگرچہ اس نے خود ہلاک نہ کی ہو بلکہ اس سے جو کچھ منفعت حاصل کی ہے اس کا بھی تاوان دینا ہوگا مکان میں سکونت کی تو واجبی کرایہ(6)لیا جائے گا زمین میں زراعت کی تو لگان وصول کیا جائے گا۔ اسی طرح نابالغ کی جائداد غیر منقولہ پر قبضہ کیا تو اس کا ضمان لیا جائے گا اور منافع حاصل کیے تو اُجرت مثل بھی لی جائے گی۔ (7)(درمختار) 

    مسئلہ۲۶: چیز میں نقصان کی چار صورتیں ہیں۔۱ نرؔخ کا کم ہو جانا۔۲ ا ؔس کے اجزا کا جاتا رہنا مثلاًغلام کی آنکھ جاتی رہی۔ ۳ وصف ؔمرغوب فیہ کا فوت ہو جانا مثلاًبہرا ہوگیا، آنکھ کی روشنی جاتی رہی، گیہوں خشک ہو گیا، سونے چاندی کے زیور تھے ٹوٹ کر سونا چاندی رہ گئے۔۴معنی ؔمرغوب فیہ جاتے رہے مثلاًغلام کوئی کام کرنا جانتا تھا غاصب کے پاس جاکر وہ کام بھول گیا۔ پہلی صورت میں اگر مغصوب چیز دے دی تو ضمان واجب نہیں اور دوسری صورت میں مطلقاً ضمان واجب ہے۔ اور تیسری صورت
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔وہ جائداد جو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل نہ کی جاسکتی ہو۔    2۔۔۔۔۔۔قدرتی آفت۔ 3۔۔۔۔۔۔زمین کا خراج،سرکاری محصول۔

4۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب الغصب،ج۲،ص۲۹۷.

و''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الغصب،الباب الأول فی تفسیرالغصب...إلخ،ج۵،ص۱۲۰، وغیرہما.

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الغصب،الباب الأول فی تفسیرالغصب...إلخ،ج۵،ص۱۲۰.

6۔۔۔۔۔۔رائج کرایہ۔

7۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الغصب،ج۹،ص۳۱۲.
Flag Counter