Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
202 - 357
    مسئلہ ۱۰: سفیہ یعنی جس آزاد عاقل بالغ پر حجر ہوا اس کے وہ تصرفات(1)جو فسخ کا احتمال رکھتے ہیں اور ہزل سے باطل ہو جاتے ہیں انھیں میں حجر کا اثر ہوتا ہے کہ یہ شخص نابالغ عاقل کے حکم میں ہوتا ہے اور جو تصرفات ایسے ہیں کہ نہ فسخ ہوسکیں اور نہ ہزل سے(2)باطل ہوں ان میں حجر کا اثر نہیں ہوتا لہٰذا نکاح، طلاق، عتاق، استیلاد(3)، تدبیر(4)، وجوب زکوٰۃ و فطرہ وحج و دیگر عبادات بدنیہ، باپ دادا کی ولایت کا زائل ہونا، نفقہ میں خرچ کرنا یعنی اپنے اور اہل و عیال پر اور ان لوگوں پر خرچ کرنا جن کانفقہ اس کے ذمہ واجب ہے، نیک کاموں میں ایک تہائی تک وصیت کرنا، عقوبات(5)کا اقرار کرنا یہ چیزیں وہ ہیں کہ باوجود حجر بھی صحیح ہیں اور ان کے علاوہ جن میں ہزل کا اعتبار ہے وہ قاضی کی اجازت سے کرسکتا ہے یعنی قاضی اگر نافذ کر دے گا تو نافذ ہوجائیں گے۔(6)(درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۱: نابالغ جس کا مال ولی یا وصی کے قبضہ میں تھا وہ بالغ ہوا اور اس کی حالت اچھی معلوم ہوتی ہے اور چال چلن ٹھیک ہیں (یہاں نیک چلنی کے صرف یہ معنےٰ ہیں کہ مال کو موقع سے خرچ کرتا ہو اور بے موقع خرچ کرنے سے رکتا ہو جس کو رشد کہتے ہیں)تو اس کے اموال اسے دے دیے جائیں اور اگر چال چلن اچھے نہ ہوں تو اموال نہ دیے جائیں جب تک اس کی عمر پچیس سال کی نہ ہو جائے اور اس کے تصرفات پچیس سال سے قبل بھی نافذ ہوں گے اور اس عمر تک پہنچنے کے بعد بھی اس میں رشد ظاہر نہ ہوا تو امام اعظم رضی اﷲتعالٰی عنہ کے نزدیک اب مال دے دیا جائے وہ جو چاہے کرے مگر صاحبین فرماتے ہیں کہ اب بھی نہ دیا جائے جب تک رشد ظاہر نہ ہو مال سپرد نہ کیا جائے اگرچہ اوس کی عمر ستر سال کی ہوجائے۔(7) (ہدایہ وغیرہا) 

    مسئلہ ۱۲: بالغ ہونے کے بعد نیک چلن تھا اور اموال دے دیے گئے اب اس کی حالت خراب ہوگئی تو امام اعظم کے نزدیک حجرنہیں ہوسکتا مگر صاحبین کے نزدیک محجور کر دیا جائے گا جیسا اوپر مذکور ہوا۔ (8) (ہدایہ) 

    مسئلہ ۱۳: کسی شخص پر کثرت سے دَین ہوگئے قرض خواہوں کو اندیشہ ہے کہ اگر اس نے اپنے اموال کو ہبہ کردیا یاصدقہ کر دیا یا اور کسی طرح خرچ کر ڈالا تو ہم اپنے دَین کیونکر وصول کریں گے انھوں نے قاضی سے محجور کرنے کی درخواست کی تو
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔معاملات۔            2۔۔۔۔۔۔مذاق سے۔        3۔۔۔۔۔۔لونڈی کو اُم ولد بنانا۔

4۔۔۔۔۔۔غلام یا لونڈی کو مدبر یا مدبرہ بنانا۔    5۔۔۔۔۔۔جرائم۔

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الحجر،ج۹،ص۲۵۰۔۲۵۳.

7۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب الحجر،باب الحجرللفساد،ج۲،ص۲۷۹،وغیرھا.

8۔۔۔۔۔۔''الھدایۃ''،کتاب الحجر،باب الحجرللفساد،ج۲،ص۲۷۹.
Flag Counter