Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
197 - 357
    مسئلہ ۴۴: شوہر نے عورت کو دھمکی دی کہ مہر معاف کر دے یا ہبہ کر دے(1) ورنہ تجھے ماروں گا اس نے ہبہ کر دیا یا معاف کر دیا اگر شوہر اس کے مارنے پر قادر ہے تو ہبہ اور معاف کرنا صحیح نہیں اور اگر یہ دھمکی دی کہ ہبہ کر دے ورنہ طلاق دے دوں گا یا دوسرا نکاح کر لوں گا تو یہ اکراہ نہیں اس صورت میں ہبہ کرے گی تو صحیح ہو جائے گا۔(2) (درمختار) 

    مسئلہ ۴۵: شوہر نے عورت کو اس کے باپ ماں کے یہاں جانے سے روک دیا کہ جب تک مہر نہ بخشے گی جانے نہیں دوں گا یہ بھی اکراہ کے حکم میں ہے کہ اس حالت میں بخشنا صحیح نہیں۔(3) (درمختار) 

    مسئلہ ۴۶: ایک شخص کو دھمکی دی گئی کہ وہ اپنی فلاں چیز زید کو ہبہ کر دے اس نے زید و عمرو دونوں کو ہبہ کر دی عمرو کے حق میں ہبہ صحیح ہے اور زید کے حق میں صحیح نہیں۔(4) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۴۷: ایک شخص کو کھانا کھانے پر اکراہ کیا گیا اور وہ کھانا بھی خود اوسی کا ہے اگر وہ بھوکا ہے تو کچھ نہیں کہ اپنی چیز کا فائدہ خود اسی کو پہنچا اور اگر آسودہ تھا(5) تو مکرِہ سے تاوان لے گا۔ (6)(درمختار) 

    مسئلہ ۴۸: بہت سے مسلمان کافروں نے گرفتار کر لیے ہیں ان کافروں کا جو سرغنہ (7)ہے یہ کہتا ہے کہ اگر تم اپنی لونڈی زنا کے لیے دے دو تو ایک ہزار قیدی رہا کیے دیتا ہوں قیدی چھوڑانے کے لیے اس کو لونڈی دینا حلال نہیں اﷲ تعالٰی ان اَسیروں کے لیے کوئی سبب پیدا کر دے گا یا انھیں اس مصیبت پر صبر و اجر دے گا۔(8) (درمختار) اس سے اسلام کی نظافت و پاکیزگی کا اندازہ کرنا چاہیے کہ اپنے ایک ہزار آدمی کفار کے ہاتھ سے چھوڑانے کے لیے بھی اسلام اس کو جائز نہیں رکھتا کہ مسلمان اپنی لونڈی کو بھی زنا کے لیے دے بخلاف دیگر مذاہب کہ انھوں نے بہت معمولی باتوں کے لیے اپنی بی بیاں اور لڑکیاں پیش کر دیں چنانچہ تاریخ عالَم اس پر شاہد ہے معلوم ہوا کہ کفار کو جب کبھی کامیابی ہوئی تو اسی قسم کی حرکات سے۔
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔یعنی بطور تحفہ دیدے۔

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الاکراہ،ج۹،ص ۲۳۷.

3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإکراہ،الباب الاول فی تفسیرہ شرعاً...إلخ،ج۵،ص۳۸.

5۔۔۔۔۔۔ یعنی بھوکانہ تھا۔

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإکراہ،ج۹،ص۲۳۹.

7۔۔۔۔۔۔یعنی سردار۔

8۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإکراہ،ج۹،ص۲۳۹.
Flag Counter