Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
193 - 357
    مسئلہ ۲۰: اگر اکراہ غیر مُلجی ہو تو کفر کا اظہار نہیں کرسکتا اس صورت میں اظہار کفر کی رخصت نہیں ہے کہ غیر ملجی اس کے حق میں اکراہ ہی نہیں۔ (1)(درمختار) 

    مسئلہ ۲۱: اس پر مجبور کیا گیا کہ کسی مسلم یا ذمی کے مال کو تلف کرے اور دھمکی بھی قتل یا قطع عضو کی ہے تو تلف کرنے کی اس کے لیے رخصت ہے اور اگر اس نے تلف نہ کیا اور اس کے ساتھ وہ کر ڈالا گیا جس کی دھمکی دی گئی تھی تو ثواب کا مستحق ہے اور اگر اس نے مال تلف کر ڈالا تو مال کا تاوان مجبور کرنے والے کے ذمہ ہے کہ یہ شخص اس کے لیے بمنزلہ آلہ کے ہے۔ (2) (درمختار)

    مسئلہ ۲۲: اس پر مجبور کیا گیا کہ فلاں شخص کو قتل کر ڈال یا اس کا عضو کاٹ ڈال یا اس کو گالی دے اگر تو نے ایسا نہ کیا تو میں تجھے مار ڈالوں گا یا تیرا عضو کاٹ ڈالوں گا تو اس کو ان کاموں کے کرنے کی اجازت نہیں ہے اگر اس کے کہنے کے موافق کریگا گنہگار ہوگا اور قصاص مجبور کرنے والے سے لیا جائے گا کہ مکرَہ اس کے لیے بمنزلہ آلہ کے ہے۔ جس کے عضو کاٹنے پر اسے مجبور کیا گیا اس نے اس کو اجازت دے دی کہ ہاں تو ایسا کرلے اب بھی اس کو اجازت نہیں ہے۔ (3)(درمختار)

    مسئلہ ۲۳: اگر اس کو مجبور کیا گیا کہ تو اپنا عضو کاٹ ڈال ورنہ میں تجھے قتل کر ڈالوں گا تو اس کو ایسا کرنے کی اجازت ہے اور اگر اس پر مجبور کیا گیا کہ تو خودکشی کرلے ورنہ میں تجھے مار ڈالوں گا اس کو خودکشی کرنے کی اجازت نہیں ہے۔ (4)(ردالمحتار) 

    مسئلہ ۲۴: اکراہ ہوا کہ تو اپنے کو تلوار سے قتل کر ورنہ میں تجھے اتنے کوڑے ماروں گا کہ تو مر جائے یا نہایت بری طرح سے قتل کروں گا تو اس صورت میں خودکشی کرنے میں گناہ نہیں کہ اس سختی اور تکلیف سے بچنے کے لیے خودکشی کرتا ہے۔(5) (عالمگیری)

    مسئلہ ۲۵: زنا پر اکراہ ہوا خواہ اکراہ مُلجی ہو یا غیرمُلجی، زنا کی اجازت نہیں مگر اس زانی پر اکراہ ملجی میں حد نہیں اورعورت کو مجبور کیا گیا اور اکراہ ملجی ہے تو اسے رخصت ہے اور غیر ملجی ہے تو رخصت نہیں اور عورت سے اکراہ غیر ملجی میں بھی حدساقط ہے۔ (6)(درمختار) 

    مسئلہ ۲۶: لواطت پر اِکراہ ہوا اکراہ مُلجی ہو یا غیر مُلجی بہر صورت اس کی اجازت نہیں۔ (7)(ردالمحتار)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإکراہ،ج۹،ص۲۲۸.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۲۲۹.    3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

4۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الإکراہ،مطلب:بیع المکرہ فاسدٌ...إلخ،ج۹،ص۲۳۰.

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإکراہ،الباب الثانی فیمایحل...إلخ،ج۵،ص۴۰.

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإکراہ،ج۹،ص۲۳۰.

7۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الإکراہ،مطلب:بیع المکرہ فاسدٌ...إلخ،ج۹،ص۲۳۱.
Flag Counter