Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ پانزدَہم (15)
192 - 357
اس حالت میں ان چیزوں کا استعمال شرعاً جائز ہے اور ناواقفی کی وجہ سے استعمال نہ کیا اور قتل کر دیا گیا تو گناہ نہیں۔ یو ہیں اگر استعمال نہ کرنے سے کفار کو غیظ و غضب میں ڈالنا مقصود ہو تو گناہ نہیں۔(1) (درمختار، عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۶: معاذ اﷲکفر کرنے پر اکراہ ہوا اور قتل یا قطع عضو کی دھمکی دی گئی تو اس شخص کو صرف ظاہری طور پر اس کفر کے کر لینے کی رخصت ہے اور دل میں وہی یقین ایمانی قائم رکھنا لازم ہے جو پہلے تھا اور اس شخص کو چاہیے کہ اپنے قول و فعل میں توریہ کرے یعنی اگرچہ اس فعل یا قول کا ظاہر کفر ہے مگر اس کی نیت ایسی ہو کہ کفر نہ رہے مثلاً اس کو مجبور کیا گیا کہ بت کو سجدہ کرے اور اس نے سجدہ کیا تو یہ نیت کرے کہ خدا کو سجدہ کرتا ہوں یا سرکار رسالت مآب(صلی اﷲتعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلم)میں گستاخی کرنے پر مجبور کیا گیا تو کسی دوسرے شخص کی نیت کرے جس کا نام محمد ہو اور اگر اس شخص کے دل میں توریہ کا خیال آیا مگر توریہ نہ کیا یعنی خدا کے لیے سجدہ کی نیت نہیں کی تو یہ شخص کافر ہو جائے گا اور اس کی عورت نکاح سے خارج ہو جائے گی اور اگر اس شخص کو توریہ کا دھیان ہی نہیں آیا کہ توریہ کرتا اور بت کو ہی سجدہ کیا مگر دل سے اس کا منکر ہے تو اس صورت میں کافر نہیں ہوگا۔(2) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۱۷: کفر کرنے پر مجبور کیا گیا اور کفر نہ کیا اس وجہ سے قتل کر دیا گیا تو ثواب پائے گا اسی طرح نماز یا روزہ توڑنے یا نماز نہ پڑھنے یا روزہ نہ رکھنے پر مجبور کیا گیا یا حرم میں شکار کرنے یا حالت احرام میں شکار کرنے یا جس چیز کی فرضیت قرآن سے ثابت ہو اس کے چھوڑنے پر مجبور کیا گیا اور اس نے اس کے خلاف کیا جو مکرِہ کرانا چاہتا تھا اور قتل کر ڈالا گیا سب میں ثواب کا مستحق ہے۔ (3)(درمختار) 

    مسئلہ ۱۸: روزہ دار مسافر یا مریض ہے جس کو روزہ نہ رکھنے کی اجازت ہے یہ اگر روزہ توڑنے پر مجبور کیا جائے توروزہ توڑ دے اور نہ توڑا یہاں تک کہ قتل کر ڈالا گیا تو گنہگار ہوگا۔ (4)(ردالمحتار)

    مسئلہ ۱۹: رمضان میں دن کے وقت کھانے پینے یا بی بی سے جماع کرنے پر اکراہ ہوا اور روزہ دار نے ایسا کر لیا تواس پر روزہ کی قضا واجب ہے کفارہ واجب نہیں۔(5) (عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإکراہ،ج۹،ص۲۲۵.

و''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإکراہ،الباب الثانی فیما یحل...إلخ،ج۵،ص۳۸.

2۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الإکراہ،مطلب:بیع المکرہ فاسد...إلخ،ج ۹،ص ۲۲۶.

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإکراہ،ج ۹،ص ۲۲۷.

4۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الإکراہ،مطلب:بیع المکرہ فاسد...إلخ،ج ۹، ص ۲۲۸.

5۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإکراہ،الباب الثانی فیما یحل...إلخ،ج۵،ص۴۹.
Flag Counter