Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
82 - 186
    مسئلہ ۵۰: نابالغہ لڑکی شوہر کے یہاں رخصت ہو کر چلی گئی اُس کو اگر کوئی چیز ہبہ کردی جائے اور شوہر قبضہ کرلے ہبہ تمام ہو جائے گا اُس کا باپ زندہ ہو یا مرگیا ہو دونوں صورتوں میں شوہر قبضہ کرسکتا ہے وہ نابالغہ قابلِ جماع(1)ہو یا نہ ہودونوں کاایک حکم ہے اور نابالغہ کے باپ نے یا خود اوس نے جبکہ سمجھ وال ہو قبضہ کیا یہ بھی ہو سکتا ہے یعنی شوہر ہی کا قبضہ کرنا ضروری نہیں اور اگرزوجہ بالغہ ہے تو اُس کے خود قبضہ کی ضرورت ہے شوہر کا قبضہ کافی نہیں اور اگر نابالغہ ہے اور ابھی رخصت بھی نہیں ہوئی ہےتو شوہر کا قبضہ اس صورت میں بھی کافی نہیں بلکہ اُسکے باپ وغیرہ جن کے قبضہ کا اوپرذکر کیا گیا ہے وہ قبضہ کرسکتے ہیں۔(2) (بحر)

    مسئلہ ۵۱: ایک شخص نے دو کپڑے ایک شخص کو دیے اور یہ کہا کہ ایک تمھارا ہے اور ایک تمھارے لڑکے کا اور جدا ہونے سے قبل یہ نہیں متعین کیاکہ کون کس کا ہے یہ ہبہ جائز نہیں اور بیان کردیا ہے تو جائز ہے۔ (3) (ردالمحتار)

    مسئلہ ۵۲: دوشخصوں نے ایک شخص کو مکان جو قابلِ قسمت (4)ہے ہبہ کردیا اور قبضہ دیدیا ہبہ صحیح ہے کہ یہاں شیوع نہیں ہے اور اگر ایک نے دوشخصوں کو ہبہ کیا اور یہ دونوں بالغ ہیں یا ایک بالغ ہے دوسرا نابالغ اور یہ نابالغ اُسی بالغ کی پرورش میں ہے اور فقیر بھی نہیں ہیں اور مکان قابلِ تقسیم ہے تو ہبہ صحیح نہیں کہ مشاع کا ہبہ ہے اور اگر ایک نے ایک ہی کوہبہ کیا ہے مگر موہوب لہ نے دوشخصوں کو قبضہ کے لیے وکیل کیا ہے تو یہ ہبہ جائز ہے۔ اور اگر دوشخصوں نے ایک مکان دوشخصوں کو ہبہ کیا یوں کہ ایک نے اپنا حصہ ایک کو ہبہ کیااور دوسرے نے اپنا حصہ دوسرے کو تو یہ ہبہ ناجائزہے اور اگر باپ نے اپنے دو بیٹوں کوہبہ کیا اور دونوں بالغ ہیں یا ایک بالغ دوسر انابالغ تو ہبہ صحیح نہیں اور اگر دونوں نابالغ ہیں تو صحیح ہے۔ (5) (بحر، درمختار)

    مسئلہ ۵۳: دس روپے دو فقیروں پر تصدق کیے یا ہبہ کیے یہ جائز ہے یعنی صدقہ میں شیوع مانعِ صحت نہیں(6)کہ صدقہ میں اﷲ(عزوجل)کی رضا مقصود ہے وہ ایک ہے فقیر کاایک ہونا یا متعددہونا اس کا لحاظ نہیں اور فقیر کو صدقہ کرنا یا ہبہ کرنا دونوں کا ایک مطلب ہے یعنی بہر صورت صدقہ ہے اور دو شخص غنی ہیں اُن کو دس روپے ہبہ کیے یا صدقہ کیے یہ دونوں ناجائز کہ یہاں
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ہمبستری کے قابل۔

2۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۹۲.

3۔۔۔۔۔۔''ردالمحتار''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۵۸۴.

4۔۔۔۔۔۔تقسیم کے قابل۔

5۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۹۲.

و''الدرالمختار''،کتاب الھبۃ،ج۸،ص۵۸۴.

6۔۔۔۔۔۔ صحیح ہونے میں رکاوٹ نہیں۔
Flag Counter