Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
81 - 186
جانے سے یہ بہتر ہے کہ نیک کاموں میں یہ اموال صَرف (1)کر ڈالے اِس صورت میں اُسے میراث سے محروم کرنے میں گناہ نہیں کہ یہ حقیقۃً میراث سے محروم کرنا نہیں ہے بلکہ اپنے اموال اور اپنی کمائی کو حرام میں خرچ کرنے سے بچانا ہے۔ (2) (عالمگیری)

    مسئلہ ۴۷: باپ کو یہ جائز نہیں کہ نابالغ لڑکے کا مال دوسرے لوگوں کوہبہ کردے اگرچہ معاوضہ لے کر ہبہ کرے کہ یہ بھی نا جائز ہے اور خود بچہ بھی اپنا مال ہبہ کرناچاہے تو نہیں کرسکتایعنی اُس نے ہبہ کردیا اور موہوب لہ کو دیدیا اُس سے واپس لیاجائے گا کہ ہبہ جائز ہی نہیں۔ (3) (درمختار، بحر)

یہی حکم صدقہ کا ہے کہ نابالغ اپنا مال نہ خود صدقہ کرسکتا ہے نہ اُس کا باپ۔ یہ بات نہایت یادرکھنے کی ہے اکثر لوگ نابالغ سے چیز لے کر استعمال کرلیتے ہیں سمجھتے ہیں کہ اُس نے دے دی حالانکہ یہ دینا نہ دینے کے حکم میں ہے بعض لوگ دوسرے کے بچہ سے پانی بھروا کر پیتے یا وضو کرتے ہیں یا دوسری طرح استعمال کرتے ہیں یہ ناجائز ہے کہ اُس پانی کا وہ بچہ مالک ہوجاتا ہے اور ہبہ نہیں کرسکتا پھر دوسرے کواُس کا استعمال کیوں کر جائز ہوگا۔ اگر والدین بچہ کو اس لیے چیز دیں کہ یہ لوگوں کو ہبہ کردے یا فقیر وں کو صدقہ کردے تاکہ دینے اور صدقہ کرنے کی عادت ہواور مال ودنیا کی محبت کم ہو تو یہ ہبہ وصدقہ جائز ہے کہ یہاں نابالغ کے مال کا ہبہ وصدقہ نہیں بلکہ باپ کا مال ہے اور بچہ دینے کے لیے وکیل ہے جس طرح عموماًدروازوں پر سائل جب سوال کرتے ہیں توبچوں ہی سے بھیک دلواتے ہیں۔ 

    مسئلہ ۴۸: بچہ نے ہدیہ پیش کیا اور یہ کہا کہ میرے والد نے یہ ہدیہ آپ کے پاس بھیجا ہے اُس کو لینا اور کھانا جائزہے مگر جب یہ گمان ہو کہ اُس کے باپ نے نہیں بھیجا ہے یہ خود لایا ہے اور یہ غلط ہے کہ اُس کے باپ نے بھیجا ہے تونہ لے۔ (4) (عالمگیری)

    مسئلہ ۴۹: بچہ پیدا ہونے سے پہلے ہی کپڑے اِس لیے بنائے کہ جب پیدا ہوگا تو اُن پر رکھا جائے گا مثلاً تکیہ، گدا، وہ پیدا ہوااور اُسی پر رکھا گیا پھر مرگیا یہ کپڑے میراث نہیں قرار پائیں گے جب تک اُس نے یہ اقرار نہ کیا ہو کہ یہ کپڑے لڑکے کی ملک ہیں اور بدن کے کپڑے جو پہننے کے ہیں جب انھیں بچہ نے پہن لیا مالک ہوگیا اور میراث ہیں۔(5)(بحر)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔خرچ۔

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب السادس فی الھبۃ للصغیر،ج۴،ص۳۹۱.

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الھبۃ،ج۸،ص۵۸۳.

و''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۸۳۔۴۹۲.

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الثالث فیما یتعلق بالتحلیل،ج۴،ص۳۸۳.

5۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۹۰.
Flag Counter