Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
76 - 186
    مسئلہ ۲۶: معدوم شے(1)کا ہبہ باطل ہے قبضہ دینے کے بعد بھی موہوب لہ کی ملک نہیں ہوگی مثلاًکہا ان گیہووں(2)کا آٹاہبہ کردیا تِلوں میں جو تیل ہے ہبہ کیا۔ دودھ میں جو گھی ہے ہبہ کیا۔ لونڈی کے پیٹ میں جو حمل ہے وہ ہبہ کیا ان صورتوں میں اگر آٹا پسواکر، تِلوں کو پلوا کر ، دودھ میں سے گھی نکال کر موہوب لہ کو دے بھی دے جب بھی اُ سکی ملک نہیں ہوگی ہاں اب جدید ہبہ کرے تو ہوسکتا ہے۔ (3) (بحر، درمختار)

    مسئلہ ۲۷: ایک شخص کو ایک چیز ہبہ کی موہوب لہ نے قبضہ نہیں کیا پھر اُس شخص نے دوسرے کو وہی چیز ہبہ کردی اور دونوں سے قبضہ کرنے کو کہہ دیا دونوں نے قبضہ کرلیا تو چیز دوسرے موہوب لہ کی ہوگی پہلے کی نہیں ہوگی اور اگر واہب نے پہلے موہوب لہ کو قبضہ کرنے کے لیے کہہ دیا اُس نے قبضہ کرلیا تو یہ قبضہ باطل ہے۔ (4) (عالمگیری)

    مسئلہ ۲۸: ایک چیز خریدی اور قبضہ کرنے سے پہلے کسی کو ہبہ کردی اور موہوب لہ سے کہہ دیا کہ تم قبضہ کرلواس نے کرلیا ہبہ تمام ہوگیا۔ رہن کا بھی یہی حکم ہے۔(5) (عالمگیری)

    مسئلہ ۲۹: یہ کہا کہ اس ڈھیر ی میں سے تم کو اتنا غلہ دیا تم ناپ کر لے لو اُس نے ناپ لیا جائز ہے اور اگر فقط اتنا ہی کہاکہ اتنا غلہ دیا یہ نہ کہا کہ ناپ لواوراُس نے ناپ کرلے لیا تو ناجائز ہے۔(6) (عالمگیری)

    مسئلہ ۳۰: جو چیز ہبہ کی ہے وہ پہلے ہی سے موہوب لہ کے قبضہ میں ہے تو ایجاب وقبول کرتے ہی اُ سکی ملک ہوگئی جدید قبضہ کی ضرورت نہیں موہوب لہ کا وہ قبضہ قبضہ امانت ہویا قبضہ ضمان مثلاً اُس کے پاس عاریت یا ودیعت کے طور پر ہے یا کرایہ پر ہے یا اُس نے غصب کررکھی ہے اس کا قاعدہ کتا ب البیوع میں بیان کیا گیا ہے کہ دو قبضے اگر ایک جنس کے ہوں یعنی دونوں قبضہ امانت ہوں یا دونوں قبضہ ضمان ہوں اِن میں ایک دوسرے کے قائم مقام ہوجائے گا اور اگر دونوں دو جنس کے ہوں تو قبضہ ضمان قبضہ امانت کے قائم مقام ہوجائے گا اور قبضہ امانت قبضہ ضمان کے قائم مقام نہیں ہوگا۔ (7) (بحر، درمختار)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔ وہ چیز جو موجودنہیں ۔    2۔۔۔۔۔۔ گندم۔

3۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۸۸.

و''الدرالمختار''،کتاب الھبۃ،ج۸،ص۵۷۸.

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الھبۃ،الباب الثانی فیما یجوز...إلخ،ج۴،ص۳۷۷.

5۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.    6۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

7۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۸۹.

و''الدرالمختار''،کتاب الھبۃ،ج۸،ص۵۷۹.
Flag Counter