Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
75 - 186
جہالت ہوتو ناجائز ہے مثلاًمیں نے تم کوکچھ ہبہ کردیا۔ (1) (بحر، منحہ)

    مسئلہ ۲۴: شیوع جو تمامیت قبضہ کو(2)روکتا ہے وہ شیوع ہے جو عقد کے ساتھ مقارِن(3)ہو عقد کے بعد جو شیوع طاری ہوگاوہ مانع نہیں مثلاًپوری چیز ہبہ کردی اور قبضہ دے دیا اس کے بعد اُس میں سے جز و شائع نصف ربع واپس لے لیا یہاں شیوع پیدا ہوگیاجوپہلے سے نہ تھا یہ مانع نہیں۔ شیوع طاری کی ایک مثال یہ بھی ہے کہ مرض الموت میں اپنا مکان ہبہ کردیااور اِس مکان کے سوا اُس کے پا س کوئی دوسرا ترکہ نہیں ہے واہب مرگیا ورثہ نے اس کو جائز نہیں کیا اس کا حاصل یہ ہوا کہ ایک تہائی ہبہ ہوا اور دو تہائیاں ورثہ کی ہیں یہاں ہبہ میں شیوع ہے مگر وقت عقدمیں نہیں ہے بعد عقد ہوا جبکہ ورثہ نے جائز نہ کیا۔ جس چیز کوہبہ کیا اُس میں کسی نے استحقاق کا دعویٰ کیا کہ اِس چیز میں اتنے کا میں مالک ہوں اگرچہ یہ دعویٰ بعد میں ہوا مگر شیوع اب نہیں پیدا ہوا بلکہ پہلے ہی سے ہے کہ یہ شخص اُس کے ایک جز کا پہلے سے مالک تھااور اب ظاہر ہوا لہٰذا ایک شخص نے کھیت اور زراعت دونوں چیزیں ایک شخص کو ہبہ کردیں اور قبضہ بھی دیدیا اس کے بعد زراعت میں ایک شخص نے دعویٰ کیا کہ میری ہے اور ثابت کردیا قاضی نے حکم بھی دیدیا زراعت تو مستحق نے لے ہی لی زمین کا ہبہ بھی باطل ہوگیا کیونکہ محتمل قسمت (4)میں شیوع (5)ہے۔(6) (درمختار، بحر)

    مسئلہ ۲۵: تھن میں دودھ ، بھیڑ کی پیٹھ پر اون، زمین میں درخت، درخت میں پھل، یہ چیزیں مشاع کے حکم میں ہیں کہ ان کا ہبہ صحیح نہیں مگر دودھ دوہ کر، اون کاٹ کر،پھل توڑ کر، موہوب لہ کو تسلیم کردیے تو ہبہ جائز ہوگیا کہ مانع زائل ہوگیا۔(7)زراعت جوکھیت میں ہے، تلوار کا حلیہ، اشرفی جو پہنے ہوئے ہے، ڈھیری میں سے دس پانچ سیر غلّہ کاہبہ کرنا بھی وہی حکم رکھتا ہے کہ جدا کرکے موہوب پر قبضہ دیدیا درست ہے ورنہ نہیں۔(8) (درمختار، ردالمحتار)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۸۷.

و''منحۃ الخالق''ھامش علی ''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۸۷. 

2۔۔۔۔۔۔ قبضہ کے مکمل ہونے کو۔    3۔۔۔۔۔۔ملا ہوا۔    4۔۔۔۔۔۔جس میں تقسیم کااحتمال ہو۔

5۔۔۔۔۔۔یعنی زراعت چونکہ زمین کے ساتھ متصل ہے لہٰذازمین وزراعت دونوں مل کر ایک چیز ہیں ان میں سے زراعت کا استحقاق حکماًجزو موہوب

کا استحقاق ہے اس لیے زمین کاہبہ بھی باطل ہوجاتاہے۔۱۲منہ حفظہ ربہ

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الھبۃ،ج۸،ص۵۷۷.

و''البحرالرائق''،کتاب الھبۃ،ج۷،ص۴۸۷.

7۔۔۔۔۔۔رکاوٹ ختم ہوگئی۔

8۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الھبۃ،ج۸،ص۵۷۸.
Flag Counter