Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
68 - 186
    حدیث ۱۲: ترمذی نے ابو عثمان نہدی سے مرسلاً روایت کی، کہ رسو ل اللہ صلی اﷲتعالٰی علیہ وسلم نے فرمایا: ''جب کسی کو پھول دیاجائے توواپس نہ کرے کہ وہ جنت سے نکلا ہے۔''(1) 

    حدیث ۱۳: بیہقی نے دعوات کبیر میں ابوہریرہ رضی اﷲ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہتے ہیں:میں نے رسول اللہ صلی اﷲتعالٰی علیہ وسلّم کو  دیکھا کہ جب نیا پھل حضور (صلی اﷲ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلم)کی خدمت میں پیش کیا جاتا اُسے آنکھوں اور ہونٹوں پر رکھتے اور یہ دعا پڑھتے:
اَللّٰھُمَّ کَمَا اَرَیْتَنَا اَوَّلَہٗ فَاَرِنَا آخِرَہٗ.
    (اے اللہ!(عزوجل)جس طرح تو نے ہمیں اس کا اوّل دکھایا ہے، اس کا آخر دِکھا۔)اس کے بعدجو چھوٹا بچہ حاضر ہوتا اُسے دے دیتے۔ (2)

    حدیث ۱۴: صحیح بخاری میں ہے اُمُّ المومنین صدیقہ رضی اﷲتعالٰی عنہا نے عرض کی:یارسو ل اللہ!(صلی اﷲ تعالٰی علیہ واٰلہٖ وسلَّم)میرے دو پروسی ہیں ان میں کس کو ہدیہ کروں؟ ارشاد فرمایا:''جس کا دروازہ تم سے زیادہ نزدیک ہو۔''(3)

    حدیث ۱۵: صحیح بخاری میں ہے حضرت عمر بن عبد العزیز (رضی اﷲتعالٰی عنہ)فرماتے ہیں، کہ رسول اللہ صلی اﷲتعالٰی علیہ وسلم کے زمانہ میں ہدیہ، ہدیہ تھا اور اس زمانہ میں رشوت ہے ۔یعنی حکام کو جو ہدیہ دیا جاتا ہے وہ رشوت ہے۔ (4)
مسائل فقہیّہ
    مسئلہ ۱: کسی چیز کا دوسرے کو بلا عوض مالک کردینا ہبہ ہے یعنی اِس میں عوض ہونا شرط و ضروری نہیں۔(5)(درر)

دینے والے کو واہب کہتے ہیں اور جس کو دی گئی اُسے موہوب لہ اور چیز کو موہوب اور کبھی چیز کو ہبہ بھی کہتے ہیں۔ 

    مسئلہ ۲: ہبہ میں واہب کے لیے کبھی دنیا کا نفع ہے کبھی نفع اُخروی(6)۔ نفع دُنیوی مثلاً ہبہ کرکے کچھ عوض لینا یا اس واسطے ہبہ کیاکہ لوگوں میں اس کا ذکر خیر ہوگا۔ امام ابو منصورما تریدی رحمہ اﷲتعالٰی فرماتے ہیں مومن پر اپنی اولاد کو جُودواحسان (7)کی
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''جامع الترمذي''،کتاب الأدب،باب ما جاء في کراھیۃ رد الطیب،الحدیث:۲۸۰۰،ج۴، ص۳۶۲. 

2۔۔۔۔۔۔''مشکاۃ المصابیح''،کتاب البیوع،باب في الھبۃ والھدیۃ،الحدیث:۳۰۳۲،ج۲،ص۱۸۸. 

3۔۔۔۔۔۔''صحیح البخاري''،کتاب الھبۃ...إلخ،باب بمن یبدا بالھدیۃ،الحدیث:۲۵۹۵،ج۲،ص۱۷۴. 

4۔۔۔۔۔۔''صحیح البخاري''،کتاب الھبۃ...إلخ،باب من لم یقبل الھدیۃ لعلۃ،ج۲،ص۱۷۴.

5۔۔۔۔۔۔''دررالحکام''شرح''غررالأحکام''،کتاب الھبۃ، الجزء الثانی،ص۲۱۷.

6۔۔۔۔۔۔آخرت کا نفع۔        7۔۔۔۔۔۔سخاوت وبھلائی ۔
Flag Counter