Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
48 - 186
ہرایک اپنے حصہ کی حفاظت کرے اگر ایسا نہیں کیا بلکہ ان میں سے ایک نے دوسرے کو سپرد کردی تو یہ دینے والا ضامن ہے اور اگر وہ چیز تقسیم کے قابل نہیں تو ان میں سے ایک دوسرے کو سپرد کرسکتا ہے۔ (1) (درمختار)

    مسئلہ ۷۱: مودِع نے کہہ دیا تھا کہ ودیعت کو دکان میں نہ رکھنا کیونکہ اُس میں سے ضائع ہونے کا اندیشہ ہے اگر مودَع کے لیے  کوئی دوسری جگہ اس سے زیادہ محفوظ ہے اور یہ اس پر قادر بھی تھا کہ اُٹھا کر وہاں لے جاتااور نہ لے گیا اور دکان سے وہ چیز رات میں چوری گئی تو ضمان دینا ہوگا اور کوئی دوسری جگہ حفاظت کی اس کے پاس نہیں یا اُس وقت چیز کو لے جانے پر قادر نہ تھا تو ضامن نہیں۔(2)(عالمگیری)

    مسئلہ ۷۲: مالک نے یہ کہہ دیا ہے کہ اس چیز کو اپنی عیال کے پاس نہ چھوڑنایا اس کمرے میں رکھنا اور مودَع نے ایسے کو دیا جس کے دینے سے چارہ نہ تھا مثلاًزیور تھا بی بی کو دینے سے منع کیا تھا اُس نے بی بی کو دیدیا ،گھوڑا تھا غلام کو دینے سے منع کیا تھا اس نے غلام کو دیدیا اور اُس کمرے کے سوا دوسرے کمرے میں رکھی اور دونوں کمرے حفاظت کے لحاظ سے یکساں ہیں یا یہ اُس سے بھی زیادہ محفوظ ہے اور ودیعت ضائع ہوگئی تاوان لازم نہیں اور اگر یہ باتیں نہ ہوں مثلاًزیور غلام کو دیدیا یا گھوڑا بی بی کی حفاظت میں دیا یا وہ کمرہ اُتنا محفوظ نہیں ہے تو تاوان دینا ہوگا۔(3)(درمختار)

    مسئلہ ۷۳: مودِع نے کہااِ س تھیلی میں نہ رکھنا اُس میں رکھنایا تھیلی میں رکھنا صندوق میں نہ رکھنا یا صندوق میں رکھنا اس گھر میں نہ رکھنا اور اُس نے وہ کیا جس سے مودِع نے منع کیا تھا اِن صورتوں میں ضمان واجب نہیں۔ (4)

 (عالمگیری)

قاعدہ کلیہ اس باب میں(5)یہ ہے کہ امانت رکھنے والے نے اگر ایسی شرط لگائی جس کی رعایت ممکن ہے اور مفید بھی ہو تو اُس کا اعتبار ہے اور ایسی نہ ہوتو اُس کا اعتبار نہیں مثلاًیہ شرط کہ اسے اپنے ہاتھ ہی میں لیے  رہنا کسی جگہ نہ رکھنا یا دہنے ہاتھ میں رکھنا بائیں میں نہ رکھنا یا اس چیز کو دہنی آنکھ سے دیکھتے رہنا بائیں آنکھ سے نہ دیکھنا اس قسم کی شرطیں بیکار ہیں ان پر عمل کرنا کچھ ضرور نہیں۔(6) (عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإیداع،ج۸،ص۵۴۲.

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الودیعۃ،الباب الثالث فی شروط...إلخ،ج۴،ص۳۴۲.

3۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإیداع،ج۸،ص۵۴۲.

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الودیعۃ،الباب الثالث فی شروط...إلخ،ج۴،ص۳۴۱.

5۔۔۔۔۔۔یعنی اس مسئلہ میں کہ مالک اگر منع کرے اور امین وہی کر دے۔

6۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الودیعۃ،الباب الثالث فی شروط...إلخ،ج۴،ص۳۴۱.
Flag Counter