مسئلہ ۴۷: ودیعت کو اپنے مال یا دوسرے کے مال میں بدون اجازتِ مالک(1)اِس طرح ملا دینا کہ امتیاز باقی نہ رہے یا بہت دشواری سے جدا کیے جاسکیں یہ بھی موجب ضمان (2)ہے دونوں مال ایک قسم کے ہوں جیسے روپے کو روپے میں ملا دیا گیہوں(3)کو گیہوں میں جَو کو جَو میں یا دونوں مختلف جنس کے ہوں مثلاًگیہوں کو جَومیں ملادیا اس میں اگرچہ امتیاز اور جدا کرنا ممکن ہے مگر بہت دشوار ہے،اِس طرح پرمِلادینا چیز کو ہلاک کردینا ہے مگرجب تک ضمان ادا نہ کرے اُس کا کھانا جائز نہیں یعنی پہلے ضمان ادا کردے اُس کے بعد یہ مخلوط چیز(4)خرچ کرے۔(5) (درمختار وغیرہ)
مسئلہ ۴۸:ایک ہی شخص نے گیہوں اور جَو دونوں کو ودیعت رکھا جب بھی مِلا دینا جائز نہیں مِلادے گا تو تاوان لازم ہوگا۔(6) (عالمگیری)
مسئلہ ۴۹: مالک کی اِجازت سے اس نے دوسری چیز کے ساتھ خلط کیا (7)یا اس نے خود نہیں ملایا بلکہ بغیر اس کے فعل کے دونوں چیزیں مل گئیں مثلاًدو بوریوں میں غلہ تھا بوریاں پھٹ گئیں غلہ مل گیا یا صندوق میں دو تھیلیوں میں روپے رکھے تھے تھیلیاں پھٹ گئیں اور روپے مل گئے ان دونوں صورتوں میں دونوں باہم شریک ہوگئے اگر اس میں سے کچھ ضائع ہوگا تو دونوں کا ضائع ہوگاجو باقی ہے اُسے مطابق حصہ کے تقسیم کرلیں مثلاً ایک کے ہزار روپے تھے دوسرے کے دوہزار تو جو کچھ باقی ہے اُس کے تین حصے کرکے پہلا شخص ایک حصہ لے لے اور دوسرا شخص دو حصے۔(8) (بحر، عالمگیری)
مسئلہ ۵۰: مودَع کے سوا کسی دوسرے شخص نے خلط کردیا اگرچہ وہ نابالغ ہو اگرچہ وہ شخص ہوجو مودَع کی عیال میں ہے وہ خلط کرنے والا ضامن ہے مودَع ضامن نہیں۔ (9) (درمختار، عالمگیری)