Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
184 - 186
    مسئلہ ۳۴: کرایہ دار کے ساتھ مالک مکان بھی گھر میں رہتا رہا تو کرایہ دار اُتنے حصہ مکان کی اُجرت کم کرسکتا ہے جتنے میں مالک مکان رہا۔(1)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۳۵: مزدورسے کہا فلاں جگہ سے جاکر ایک بوری غلہ کی لے آاتنی مزدوری دوں گا مزدوروہاں گیا مگر غلہ وہاں تھا ہی نہیں جس کولاتا تو اُس مزدوری کو جانے اور آنے اور بوجھ پر تقسیم کیاجائے جانے کی مقابل میں مزدوری کا جو حصہ پڑے وہ مزدور کو دیا جائے کیونکہ مزدور کے تین کا م تھے وہاں جانا اور وہاں سے بوجھ لے کر آنا اس صورت میں صرف ایک کام یعنی جانا مزدور نے کیا اور آنا اُس کا خوداپنا کام ہے مستاجر کا کام نہیں۔ (2)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۳۶: مزدور کو کہیں بھیجا کہ وہاں سے فلاں کو بلالاؤ وہ گیا اور وہ شخص نہیں ملا اس کو اُجرت ملے گی کیونکہ مزدور کو جوکچھ اس صورت میں کام کرنا ہے یہی ہے کہ وہاں تک جائے وہ کرچکا۔(3) (عالمگیری)
وَلا(4)کا بیان
    اللہ عزوجل نے فرمایا:
(وَالَّذِیۡنَ عَقَدَتْ اَیۡمَانُکُمْ فَاٰتُوۡہُمْ نَصِیۡبَہُمْ ؕ اِنَّ اللہَ کَانَ عَلٰی کُلِّ شَیۡءٍ شَہِیۡدًا ﴿٪۳۳﴾)
(5) 

    ''جن سے تم نے معاہدے کیے ہیں اُن کا حصہ اُنھیں دو، بیشک اللہ (عزوجل)ہرچیز پر گواہ ہے۔'' 

    حدیث ۱: ابو داود نے ابوہریرہ رضی اﷲ تعالٰی عنہ سے روایت کی، کہ فرمایا رسو ل اللہ صلی اﷲتعالٰی علیہ وسلَّم نے:''جس نے بغیراجازت اپنے مولیٰ کے کسی قوم سے موالاۃ کی، اوس پر اللہ (عزوجل)کی اور فرشتوں اور تمام اِنسانوں کی لعنت، قیامت کے دن اللہ تعالٰی نہ اُس کے فرض قبول کریگا، نہ نفل۔''(6)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإجارۃ،الباب الثامن عشر فی الإجارۃ...إلخ،ج۴،ص۴۵۸.

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإجارۃ،الباب الحادی والعشرون فی الإجارۃ لایوجد فیہا...إلخ،ج۴،ص۴۷۰.

3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

4۔۔۔۔۔۔کتاب المکاتب اور کتاب الوَلا کے مسائل یہاں کی ضرورت سے زائد ہیں اس لئے ہم نے ان کو نہیں لکھا صرف کتاب الولا کی ایک فصل جو

یہاں پائی جاسکتی ہے معرض تحریر میں لائی گئی ۱۲منہ ۔ 

5۔۔۔۔۔۔پ۵،النسآء:۳۳.

6۔۔۔۔۔۔''سنن أبي داود''، کتاب الأدب، باب في الرجل ینتمی إلٰی غیر موالیہ،الحدیث: ۵۱۱۴،ج۴، ص۴۲۶.
Flag Counter