Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
183 - 186
نہیں ہے ہاں اگر موٹر کار (12)یالاری پوری کرایہ پرلی ہے تو اُس کا کام اڈے تک یا گاؤں تک پہنچانا 

نہیں ہے بلکہ گھر تک یا جہاں تک جاسکتی ہو اُسے لیجانا ہوگا کہ اس صورت میں یہی عرف ہے۔ 

    مسئلہ ۳۱: کپڑے دھو بی کو دیے توکلپ اور نیل دینادھو بی کے ذمہ ہے کہ اس میں یہی عرف ہے۔ جلد ساز کو جلد بنانے کے لیے کتابیں دیں تو پُٹھا(1)، چمڑا، اَبری(2)، لئی(3)، ڈورا(4)یہ سب چیزیں جلد ساز کے ذمہ ہیں اور جس قسم کاسامان لگانا اور جس قسم کی جلد بناناٹھہرا ہے وہی کرنا ہوگا۔ 

    مسئلہ ۳۲: کسی کام کے لیے دومزدور کیے مثلاًیہ لکڑیاں تم دونوں میرے مکان تک اتنے میں پہنچادو وہ کل لکڑیاں ایک ہی مزدور نے پہنچائیں دوسر ابیٹھا رہا تو یہ مزدور نصف ہی اُجرت کا مستحق ہے کہ دوسرے کی طرف سے کام کرنے میں متبرِّع (5)ہے لہٰذا اُس کے حصہ کی مزدوری کا مستحق نہیں ہوااور دوسرابھی اپنے حصہ کی مزدوری نہیں لے سکتا کہ اجیر مشترک (6)جب تک کا م نہ کرے اُجرت کا مستحق نہیں ہوتا اور اگر اُن دونوں میں پہلے یہ طے ہے کہ ہم دونوں شرکت میں کام کریں گے جوکچھ مزدور ی ملے گی وہ دونوں بانٹ لیں گے تو دوسرا مزدور بھی اپنی نصف مزدوری کا مستحق ہے کہ اُس کے شریک کا کام کرنا ہی اُس کاکام کرناہے۔ (7)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۳۳: چند مزدور گڑھا کھود نے کے لیے یا مٹی اوٹھانے کے لیے رکھے اور اس پورے کام کی ایک اُجرت طے ہوگئی اُن مزدور وں میں سے کسی نے کم کام کیا کسی نے زائد سب پر وہ اُجرت برابر برابر تقسیم ہوگی ہاں اگر مزدوروں میں بہت تفاوت ہے مثلاً بعض جوان ہیں بعض بچے اور بچوں نے کم کام کیا ہے تو برابر برابر تقسیم نہیں ہوگی بلکہ اُس پوری اُجرت کو اُجرتِ مثل پر تقسیم کیا جائے گا مثلاً بچوں کو دوآنے یومیہ ملتے ہیں اور جوان کو چار آنے تو اُس اُجرت کی تقسیم اس طرح کی جائے کہ جوان کو بچہ سے دونی ملے اور اگر اُن مزدوروں میں سے بعض نے مرض یا کسی عذر کی وجہ سے کام نہیں کیا تو یہ حصہ لینے کا حقدار نہیں ہے مگر جبکہ کام کرنے میں ان کی شرکت ہوتو نہ کام کرنے کی صورت میں بھی حصہ پائے گا۔(8) (عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔موٹا اور سخت کاغذ یا گتاجو کتابوں کی جلد بنانے میں کام آتاہے۔

2۔۔۔۔۔۔ایک قسم کارنگدار کاغذجسے کتابوں کی جلدوں میں استعمال کیاجاتاہے۔

3۔۔۔۔۔۔ایک قسم کا لیس دار مادہ جو کاغذ وغیرہ جوڑنے کے کام آتا۔

4۔۔۔۔۔۔موٹا دھاگہ۔        5۔۔۔۔۔۔احسان کرنے والا۔    6۔۔۔۔۔۔ایک سے زائد لوگوں کاکام کرنے والا مزدور،نوکر۔

7۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإجارۃ،الباب الثامن عشر فی الإجارۃ...إلخ،ج۴،ص۴۵۷.

8۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.
Flag Counter