| بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14) |
اجارہ میں میراث جاری ہوتی ہے۔ یہ شرع کے خلاف ہے۔
مسئلہ ۳۷: اجارہ کرلینے کے بعد دوسراشخص بہت زیادہ اُجرت دینے کو کہتا ہے یا مستاجر سے دوسر اشخص کم اُجرت پر چیز دینے کو کہتا ہے اجارہ فسخ کرنے کے لیے یہ عذر نہیں اگرچہ وہ بہت زیادہ دیتا ہو یا یہ بہت کم اُجرت مانگتا ہو۔(1) (عالمگیری)
مسئلہ ۳۸: سواری کا جانور کرایہ کیا تھا اس کے بعد خودایک جانورخریدلیا یہ عذر ہے اور اجارہ فسخ کیا جاسکتا ہے اور اگر اُس سے بہتر سواری کرایہ پرلینا چاہتا ہے یہ فسخ کے لیے عذر نہیں۔ (2)(عالمگیری)
مسئلہ ۳۹: کاشتکار نے زراعت کے واسطے کھیت لیے تھے اور بیمار ہوگیا کہ کھیتی نہیں کرسکتا اگر وہ خود اپنے ہاتھ سے کاشت کرتا ہے تو بیماری فسخ اجارہ کے لیے عذر ہے اور اگر اپنے ہاتھ سے نہیں کرتا تو عذر نہیں۔ (3)(عالمگیری)
مسئلہ ۴۰: ایک شخص جوکام کرتا ہے اُسی کام کے لیے کسی سے اجارہ کیا کہ میں تمھارایہ کام کروں گا اب وہ شخص اس کام کو بالکل چھوڑدینا چاہتا ہے اور دوسرا کام اختیار کرناچاہتا ہے فسخ اجارہ کے لیے یہ عذر نہیں ہاں اگر وہ کام ایسا ہوجو اس کے لیے معیو ب سمجھا جاتا ہے مثلاًایک عزت دار شخص نے خدمت گاری کی نوکری کی اور اب اس کام ہی کو چھوڑنا چاہتا ہے تویہ عذر ہے۔ (4)(عالمگیری)اجارہ کے متفرق مسائل
مسئلہ ۱: موچی کو جوتے بنانے کے لیے اپنے پاس سے چمڑادیا اور اُس کی پیمائش دیدی اور یہ بتادیا کہ کیسا ہوگا اور کہہ دیا کہ استر اور تلا اپنے پاس سے لگادینا اور اُجرت بھی طے ہوگئی یہ جائز ہے۔ اور درزی کو ابرے کا کپڑادیدیا اور کہہ دیا کہ اپنے پاس سے استر وغیرہ لگادینا اس میں دوروایتیں ہیں ایک یہ کہ جائز ہے دوسری یہ کہ ناجائز ہے۔(5) (عالمگیری)
مسئلہ ۲: کبھی بعض لوگ اجیر(6)سے یوں کام کراتے ہیں کہ تم یہ کام کرو اس کی اُجرت جو کچھ دوسرے لوگ بتادیں گے میں دیدوں گا یا فلاں کے یہاں جو اُجرت ملی ہے میں دیدوں گا یہ اجارے فاسد ہیں کہ اُجرت کا تعین نہیں ہوا پھر اگر کسی شخص نے دونوں کے اتفاق سے اُسکی مزدوری جانچ کر بتائی جس پر اجیر راضی نہیں ہے تو اُجرت مثل دی جائے۔(7) (عالمگیری)ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ 1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإجارۃ ، الباب التاسع عشر فی فسخ الإجارۃ ...إلخ،ج۴،ص۴۵۹ . 2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق. 3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۴۶۰. 4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۴۶۱. 5۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،الباب الحادی والثلاثون فی الاستصناع...إلخ،ج۴،ص۵۱۹. 6۔۔۔۔۔۔مزدور۔ 7۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإجارۃ ،الباب الحادی والثلاثون فی الاستصناع...إلخ،ج۴،ص۵۲۰.