Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
158 - 186
    مسئلہ ۱۵: ملاح نے کشتی میں اپنی حاجت کے لیے آگ رکھی تھی اس سے سامان جل گیا ملاح پر تاوان واجب نہیں۔(1)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۶: کشتی اپنا سامان لادنے کے لیے کرایہ کی ملاح نے بغیر رضا مندی مستاجر (2)اُس میں کچھ دوسرا سامان بھی لاددیا اور کشتی اتنا بوجھ اُٹھا سکتی ہے کشتی ڈوب گئی اگر مستاجر ساتھ تھاتاوان واجب نہیں۔ (3)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۷: دھوبی کوکپڑا دیاتھا اور ایک شخص سے کہہ دیا تھا کہ تم دھوبی سے کپڑا لے لینا دھوبی نے اُسے دوسراکپڑا دے دیا یہ کپڑا اُس کے ہاتھ میں امانت ہے ضائع ہو جائے تو دھوبی اس سے تاوان نہیں لے سکتا اور کپڑے والا دھوبی سے اپنا کپڑا وصول کریگا۔ یہ اُس وقت ہے کہ وہ کپڑا خاص دھوبی ہی کا ہواور اگر کسی دوسرے کا ہے تو جس کا ہے وہ تاوان لے گا اگر دھوبی سے اس نے تاوان لیاجب توکچھ نہیں اور اُس شخص سے لیا تو وہ دھوبی سے تاوان کی قدر وصول کریگا درزی کا بھی یہی حکم ہے۔ (4)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۸: دھوبی نے دوسرا کپڑا دے دیا اور اس نے اپنا سمجھ کرلے لیا یہ ضامن ہے یہ نہیں کہہ سکتا کہ مجھے علم نہ تھا کہ دوسرے کا ہے اور فرض کرو اس نے کپڑے کو قطع کرلیا اور سی لیا تو جس کاکپڑا ہے وہ دونوں میں سے جس سے چاہے ضمان لے سکتا ہے کاٹنے والے سے لیا توکچھ نہیں اور دھوبی سے ضمان لیا تو وہ کاٹنے والے سے وصول کرسکتا ہے۔(5) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۱۹: دھوبی نے ایک کاکپڑا دوسرے کو دیدیا مالک نے جب مانگا تو اُس نے کہا میں نے فلاں کو دیدیا یہ سمجھ کر کہ اُسی کا ہے دھوبی کو تاوان دینا ہوگا۔(6) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۰: دھوبی نے کپڑا دینا چاہا مالک نے کہا اپنے ہی پاس رکھ لے اس صورت میں مطلقاً ضامن نہیں۔ اُجرت لے لی ہویا نہ لی ہو اور اگر اُجرت لینے کے لیے اُس نے کپڑے کو روک رکھا ہے توضامن ہے۔ (7)(عالمگیری) 

    مسئلہ ۲۱: دھوبی کو دوسرے کے کپڑے پہننا جائز نہیں کہ امانت میں تصرف کرنا خیانت ہے مگر پہننے کے بعد اُس نے اوتار کر رکھ دیا تو اب ضامن نہیں رہا جس طرح ودیعت کا حکم ہے جس کو پہلے بیان کیا گیا۔ (8)(عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الإجارۃ،الباب الثامن والعشرون فی بیان حکم الأجیر...إلخ،الفصل الأول،ج۴،ص۵۰۳.

2۔۔۔۔۔۔یعنی کرایہ پر لینے والے کی مرضی کے بغیر۔

3۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الإجارۃ،الباب الثامن والعشرون فی بیان حکم الأجیر...إلخ،الفصل الأول،ج۴،ص۵۰۳.

4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۵۰۶.    5۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.    6۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۵۰۷.

7۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.        8۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.
Flag Counter