Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
154 - 186
پردیا کہ مستاجر اس کا دودھ حاصل کرے۔ نہریا تالاب کو مچھلی پکڑنے کے لیے ٹھیکہ پر دیا یہ ناجائز ہے۔ یوہیں چراگاہ کا ٹھیکہ بھی ناجائز ہے۔ (1)(عالمگیری، ردالمحتار)گاؤں اور بازار اور جنگل کا ٹھیکہ بھی ناجائز ہے کہ ان سب میں استہلاک عین ہے۔ 

    مسئلہ۵۶: مکان اجارہ پر دیا اور یہ شرط کرلی کہ رمضان کا کرایہ ہبہ کردوں گا یا تمھارے ذمہ نہیں ہوگا یہ اجارہ فاسد ہے۔ (2)(عالمگیری) 

    مسئلہ۵۷: دکان جل گئی ہے اُس کو کرایہ پرلیا اس شرط پر کہ اسے بنوائے گا اور جو کچھ خرچ ہوگا وہ کرایہ میں محسوب ہوگا یہ اجارہ فاسد ہے اور اگرمستاجر اُس میں رہا تو اُس پر اُجرت مثل واجب ہے اور جو کچھ خرچ کیا ہے وہ اور بنوانے کی اُجرت مثل اسے ملے گی۔(3) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۵۸: مستاجر کے ذمہ یہ شرط کرنا کہ اس چیز کی واپسی تمھارے ذمہ ہے یعنی کام کرنے کے بعد تم اپنے صرفہ سے چیز کو واپس کر جانا اگر وہ چیز ایسی ہے جس میں بار برداری صرف ہوتی ہے جیسے دیگ شامیانہ تو اس شرط کی وجہ سے اجارہ فاسد ہے اور ایسی نہیں ہے تو فاسد نہیں۔ (4)(عالمگیری) 

    مسئلہ۵۹: کوئی چیز اُجرت پر لی تھی مثلاً دیگ اور اُس کی مدت دود ن تھی اور مدت پوری ہونے کے بعد بھی چیز اسی کے یہاں پڑی رہی مالک نہیں لے گیا تو صرف اُتنے ہی دنوں کا کرایہ واجب ہوگا جن کا ذکر اجارہ میں ہوا اگرچہ واپس کرنا مستاجر کے ذمہ قرار پایا ہوکہ یہ شرط فاسد ہے اور اگر اس طرح اجارہ ہواکہ فی یوم اتنا کرایہ جیسا کہ شامیانوں اور دیگوں وغیرہا میں اسی طرح عموماًہوتا ہے تو جب وہ چیز اس کے کام سے فارغ ہوگئی اجارہ ختم ہوگیا اس کے بعد کا کرایہ واجب نہیں ہوگا یہ چیز مالک کے یہاں پہنچادے یا اپنے ہی یہاں رہنے دے اور اگر دوپہر میں چیز خالی ہوگئی جب بھی پورے دن کا کرایہ دینا ہوگا۔ یوہیں ایک ماہ کے لیے کرایہ پرلی تھی اور پندرہ دن میں خالی ہوگئی پورے مہینہ بھر کا کرایہ دینا ہوگا۔(5) (عالمگیری) 

    مسئلہ ۶۰: اجارہ کو دوسرے اجارہ کے فسخ پر معلق کرنا یعنی ایک شخص سے اجارہ کرنے کے بعد دوسرے سے یوں اجارہ کیاکہ اگر وہ پہلا اجارہ فسخ ہو جائے تو تم سے اجارہ ہے، یہ باطل ہے۔(6) (عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإجارۃ، الباب الخامس عشر ما یجوز من الإجارۃ وما لایجوز،الفصل الاول،ج۴،ص۴۴۲.

و''ردالمحتار''،کتاب الإجارۃ،باب الإجارۃ الفاسدۃ،مطلب:الإجارۃ اذا وقعت علی العین...إلخ،ج۹،ص۱۰۶.

2۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''،کتاب الإجارۃ،الباب الخامس فی الخیار فی الإجارۃ والشرط فیہا،ج۴،ص۴۲۰.

3۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.    4۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۴۲۱.

5۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.    6۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،ص۴۲۲.
Flag Counter