Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
143 - 186
    مسئلہ۱۲: یوں اجارہ پرلیا کہ ہرماہ ایک روپیہ کرایہ اور یہ نہیں ٹھہرا کہ کتنے مہینوں کے ليے کرایہ پر لینا دینا ہوا تو صرف پہلے مہینہ کا اجارہ صحیح ہے اور باقی مہینوں کا فاسد پہلا مہینہ ختم ہوتے ہی پہلی ہی تاریخ میں ہرایک اجارہ کو فسخ کرسکتا ہے اور پہلی تاریخ میں فسخ نہیں کیا تو اب اس مہینہ میں خالی نہیں کراسکتا اور اگرمہینوں کی تعدا د ذکر کردی ہے مثلاً چھ ماہ کے ليے اجارہ ہوا تو اجارہ صحیح ہے۔(1) (عالمگیری) 

    مسئلہ۱۳: ایک سال کے ليے مکان کرایہ پرلیا اور یہ ٹھہرا کہ ہرماہ کاایک روپیہ کرایہ ہے یہ جائز ہے اورا گر مہینہ کا کرایہ نہیں بیان کیا صرف یہ ٹھہراکہ ایک سال کا کرایہ دس روپے یہ بھی جائز ہے دونوں صورتوں میں اندرون سال بلا عذر کوئی بھی اجارہ کو فسخ نہیں کرسکتا۔ (2)(عالمگیری) 

    مسئلہ۱۴: ایک دن کے ليے مزدور رکھا تو کس وقت سے کس وقت تک کام کریگا اس کے متعلق وہاں کا عرف (3) دیکھاجائے گا اگر عرف یہ ہے کہ طلوع آفتاب سے غروب تک کام کرے تو اس کوبھی کرنا ہوگا اور اگر عرف یہ ہے کہ طلوع آفتاب سے عصر تک کام کرے تویہ لیا جائے گااور اگر دونوں قسم کا رواج ہے تو غروب تک کام کرنا ہوگا کیونکہ اجارہ میں دن کہا ہے اور دن غروب پر ختم ہوتا ہے۔ (4)(عالمگیری)ہندوستان میں اس کے متعلق مختلف قسم کے عرف ہیں معماروں(5)کے متعلق یہ عرف ہے کہ اُنھیں بارہ بجے سے دوبجے تک دوگھنٹے کی کھانے کے ليے اور کچھ تھوڑی دیر آرام کرنے کے ليے چھٹی دی جاتی ہے اور اسی وقت میں جو اُن میں نمازی ہوتے ہیں نماز بھی پڑھ لیتے ہیں اور شام کو غروب آفتاب پر یااس سے کچھ قبل کام ختم کیا جاتا ہے اور صبح کو گھنٹا پون گھنٹا دن نکلنے کے بعد کام شروع ہوتا ہے بالجملہ مزدوروں کے کام کے اوقات وہی ہوں گے جووہاں کا عرف ہے۔ 

    مسئلہ۱۵: دو دن چاردن دس دن کے ليے کسی کو کام پر رکھا تو وہی ایام مراد ليے جائیں گے جو عقد اجارہ سے متصل ہیں اور اگر دنوں کو معین نہیں کیاہے کہہ دیا کہ مثلاً دو دن کا میرے یہاں کام ہے تم کسی دودن میں کردینا تو اجارہ صحیح نہیں کہ اس اجارہ میں وقت کا مقررکرنا ضروری ہے۔ (6)(عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الإجارۃ،الباب الثالث فی الأوقات...إلخ،ج۴،ص۴۱۶.

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق.

3۔۔۔۔۔۔رواج۔

4۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الإجارۃ،الباب الثالث فی الأوقات...إلخ،ج۴،ص۴۱۶.

5۔۔۔۔۔۔تعمیراتی کام کرنے والوں۔

6۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الإجارۃ،الباب الثالث فی الأوقات...إلخ،ج۴،ص۴۱۶.
Flag Counter