Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ چہاردَہم (14)
141 - 186
    مسئلہ ۲: اجارہ باطل میں اگر چیز کو استعمال کیا اور وہ کام کردیا جس کے لیے اجارہ ہوا جب بھی اُجرت واجب نہ ہوگی اگرچہ وہ چیز اسی لیے ہے کہ کرایہ پر دی جائے مگر مالِ وقف اور مالِ یتیم کو اگر اجارہ باطلہ کے طور پردیا اور مستاجر نے منفعت حاصل کرلی تو اُجرتِ مثل واجب ہوگی۔(1) (درمختار، ردالمحتار) 

    مسئلہ ۳: اجارہ فاسدہ کا حکم یہ ہے کہ اس استعمال کرنے پر اُجرت مثل لازم ہوگی اور اس میں تین صورتیں ہیں اگر اُجرت مقرر ہی نہیں ہوئی یا جو مقرر ہوئی معلوم نہیں ان دونوں صورتوں میں جو کچھ اُجرت مثل ہو دینی ہوگی اور اگر اُجرت مقرر ہوئی اور وہ معلوم بھی ہے تو اُجرت مثل اُسی وقت دی جائے گی جب وہ مقرر سے زیادہ نہ ہوا ور اگر مقرر سے اُجرت مثل زائد ہے تو جو مقرر ہے وہی دی جائے گی اُس سے زیادہ نہیں دی جائے گی۔ (2)(بحروغیرہ) 

    مسئلہ ۴: اجارہ فاسدہ میں محض قبضہ کرنے سے منافع کامالک نہیں ہوگا اور بیع فاسد میں قبضہ کرنے سے مبیع (3)کا مالک ہوجاتا ہے مشتری (4)کے تصرفات قبضہ کے بعد نا فذ ہوجاتے ہیں مستاجر(5)قبضہ کرکے اُسے اجارہ پر دیدے یہ نہیں کرسکتا اور اگر اس نے اجارہ پردے ہی دیا تو اُجرت مثل لازم ہوگی یعنی مستاجر اول مالک کو اُجرت مثل دے گا یہ نہیں کہا جائے گا کہ یہ غاصب ہے اور انتفاع کے مقابل میں اس سے اُجرت نہ لی جائے۔ (6)(درمختار) 

    مسئلہ ۵: جو شرطیں مقتضاے عقد کے خلاف ہیں اُن سے عقد ِاجارہ فاسد ہو جاتا ہے لہٰذا جو شرطیں بیع کو فاسد کرتی ہیں اجارہ کو بھی فاسد کرتی ہیں کیونکہ اجارہ بھی ایک قسم کی بیع ہے فرق یہ ہے کہ بیع میں چیز بیچی جاتی ہے اور اجارہ میں چیز کی منفعت بیچی جاتی ہے۔(7) (بحر) 

    مسئلہ ۶: جہالت سے اجارہ فاسد ہوجاتا ہے اس کی چند صورتیں ہیں جو چیز اُجرت پر دی جائے وہ مجہول ہویامنفعت کی مقدار مجہول ہو یعنی مدت بیان میں نہیں آئی مثلاًمکان کتنے دنوں کے لیے کرایہ پر دیا یا اُجرت مجہول ہو یعنی یہ نہیں بیان کیا کہ کرایہ کیا ہوگا یاکام مجہول ہو یہ نہیں بیان کیا کہ کیا کام لیا جائے گا مثلاًجانور میں یہ نہیں بیان کیا کہ باربرداری کے لیے ہے یاسواری کے لیے۔(8) (عالمگیری)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ

1۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''و''ردالمحتار''،کتاب الإجارۃ،باب الإجارۃ الفاسدۃ،ج۹،ص۷۶.

2۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الإجارۃ،باب الإجارۃ الفاسدۃ،ج۷،ص۵۲۹۔۵۳۱،وغیرہ.

3۔۔۔۔۔۔بیچی گئی چیز۔        4۔۔۔۔۔۔خریدار۔        5۔۔۔۔۔۔کرایہ پر لینے والا۔

6۔۔۔۔۔۔''الدرالمختار''،کتاب الإجارۃ،باب الإجارۃ الفاسدۃ،ج۹،ص۷۶.

7۔۔۔۔۔۔''البحرالرائق''،کتاب الإجارۃ،باب الإجارۃ الفاسدۃ ،ج۷،ص۵۳۰.

8۔۔۔۔۔۔''الفتاوی الھندیۃ''، کتاب الإجارۃ،الباب الخامس عشر فی بیان مایجوز،ج۴،ص۴۳۹.
Flag Counter