Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ دَہم (10)
488 - 607
 گواہی دیتا ہوں کہ اﷲ (عزوجل) کے سوا کوئی معبود نہیں اور بیشک ميں اﷲ (عزوجل) کا رسول ہوں۔'' (1) 

    حدیث ۲: صحیح بخاری شریف ميں ابو موسیٰ اشعری رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے مروی، رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم فرماتے ہیں: کہ ''قبیلہ اشعری کے لوگوں کا جب غزوہ ميں توشہ کم ہو جاتا ہے یا مدینہ ہی ميں اُنکے آل و عیال کے کھانے ميں کمی ہو جاتی ہے تو جو کچھ اُن کے پاس ہوتا ہے سب کو ایک کپڑے ميں اکٹھا کرلیتے ہیں پھر برابربرابر بانٹ لیتے ہیں (اس اچھی خصلت کی وجہ سے) وہ مجھ سے ہیں اور ميں اُن سے ہوں۔'' (2) 

    حدیث ۳: عبداﷲ بن ہشام رضی اﷲ تعالیٰ عنہ کو اُنکی والدہ زینب بنت حُمیْد رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم کی خدمت ميں حاضر لائیں اور عرض کی، یارسول اﷲ! (عزوجل و صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) اسکو بیعت فرما لیجئے۔ فرمایا: ''یہ چھوٹا بچہ ہے۔'' پھر اِن کے سر پر حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) نے ہاتھ پھیرا اور ان کے ليے دعا کی۔ انکے پوتے زہر ہ بن معبد کہتے ہیں، کہ میرے دادا عبداﷲ بن ہشام مجھے بازار لیجاتے اور وہاں غلہ خریدتے تو ابن عمر و ابن زبیر رضی اﷲ تعالیٰ عنہم اُن سے ملتے اور کہتے ہميں بھی شریک کرلو کیونکہ رسول اﷲ صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم نے تمھارے ليے دعائے برکت کی ہے، وہ انھیں بھی شریک کرلیتے اور بسا اوقات ایک مسلّم اونٹ(3) نفع ميں مل جاتا اور اُسے گھر بھیج دیا کرتے۔(4) 

    حدیث ۴: صحیح بخاری شریف ميں ہے، کہ اگر ایک شخص دام ٹھہرا رہا ہے دوسرے نے اُسے اشارہ کر دیا تو حضرت عمر رضی اﷲ تعالیٰ عنہ نے اسکے متعلق یہ حکم دیا کہ یہ اُسکا شریک ہوگیا (5)یعنی شرکت کے ليے اشارہ کافی ہے، زبان سے کہنے کی ضرورت نہیں ہے۔ 

    حدیث ۵: ابوداود و ابن ماجہ وحاکم نے سائب بن ابی السائب رضی اﷲ تعالیٰ عنہ سے روایت کی، اُنھوں نے نبی صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم سے عرض کی، زمانہ جاہلیت ميں حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) میرے شریک تھے اور حضور (صلی اﷲ تعالیٰ علیہ وسلم) بہتر شریک تھے کہ نہ مجھ سے مدافعت(6) کرتے اور نہ جھگڑا کرتے۔ (7)
ـــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــــ                                                                                                            

1۔۔۔۔۔۔''صحیح البخاري''،کتاب الشرکۃ،باب الشرکۃ في الطعام والنّھد...إلخ،الحدیث:۲۴۸۴،ج۲،ص۱۴۰. 

2۔۔۔۔۔۔المرجع السابق،الحدیث:۲۴۸۶.

3۔۔۔۔۔۔پورا اونٹ۔

4۔۔۔۔۔۔''صحیح البخاري''،کتاب الشرکۃ،باب الشرکۃ في الطعام وغیرہ،الحدیث:۲۵۰۱،ج۲،ص۱۴۵. 

5۔۔۔۔۔۔''صحیح البخاري''،کتاب الشرکۃ،باب الشرکۃ في الطعام وغیرہ،ج۲،ص۱۴۵.

6۔۔۔۔۔۔مزاحمت،روک ٹوک۔

7۔۔۔۔۔۔''سنن ابن ماجۃ''،کتاب التجارات،باب الشرکۃ...إلخ،الحدیث:۲۲۸۷،ج۳،ص۷۹.
Flag Counter