Brailvi Books

بہارِشریعت حصّہ اول (1)
-88 - 278
عالِم بنانے والی کتاب
     اس وقت عالِم بنانے والی کتاب بہارِ شریعت (جلد اوّل) آپ کے پیشِ نظر ہے جو صدر الشریعہ بدرالطریقہ مفتی محمد امجد علی اعظمی علیہ رحمۃ اﷲ القوی کی تصنیف ِ لطیف ہے۔یہ ایسی عظیم کتاب ہے، جسے فقہ حنفی کا انسائیکلو پیڈیا کہا جائے تو بے جا نہ ہوگا۔ اس میں کہیں تو ایمان و اعتقاد کو مستحکم کرنے کے اصول بتائے جارہے ہیں اور کہیں بد مذہبوں کے مذموم اثرات سے عوام کے شجرِ ایمان کو بچانے کے لیے پیش بندیاں کی جارہی ہیں، کبھی فرائض و واجبات کی اہمیت دلوں میں راسخ کی جارہی ہے تو کبھی سنن و آداب اور مستحبات کو اپنانے کی شفقت آمیز تلقین ہو رہی ہے، کہیں مسلمانوں کی زبوں حالی کے اسباب کا تذکرہ ہے تو کہیں بدعات کا قلع قمع کیا جارہا ہے۔یقیناصدر الشریعہ علیہ رحمۃ ربّ الورٰی نے بہارِ شریعت تألیف کر کے فقہ حنفی کو عام فہم اردو زبان میں منتقل کرکے اردو دان طبقے پر احسانِ عظیم فرمایا ۔
امیرِ اھلسنّت دامت برکاتہم العالیہ کی تاکید
     شیخِ طریقت امیرِ اھلسنت بانی دعوتِ اسلامی حضرتِ علامہ مولانا ابو بلال محمد الیاس عطّاؔر قادری رضوی دامت برکاتہم العالیہ اس کتاب کی اہمیت کے پیشِ نظر اپنے تمام متعلقین و مریدین کو تمام بہارِ شریعت بالعموم اور اس کے مخصوص حصّے پڑھنے کی ترغیب دلاتے رہتے ہیں۔ چنانچہ آپ دامت برکاتہم العالیہ نے'' مَدَنی انعامات '' ۱؎ میں70واں اور72واں مَدَنی انعام یہ بھی عطا کیا ؛(70)کیا آپ نے اس سال کم از کم ایک مرتبہ بہار شریعت حصہ9سے مرتد کا بیان، حصہ 2 سے نجاستوں کا بیان اور کپڑے پاک کرنے کا طریقہ ،حصہ16سے خرید وفروخت کا بیان،والدین کے حقوق کا بیان (اگر شادی شدہ ہیں تو)حصہ7 سے محرمات کا بیان اور حقوق الزوجین حصہ8سے بچوں کی پرورش کا بیان،طلاق کابیان ،ظہار کا بیان اورطلاق کنایہ کابیان پڑھ یا سن لیا؟(72)کیا آپ نے بہارِ شریعت یا رسائل عطاریہ حصہ اوّل سے پڑھ یا سن کر اپنے وضو، غسل اور نماز درست کرکے کسی سنی عالم یا ذمہ دار مبلغ کو سنا دیئے ہیں؟
1؎   : مسلمانوں کی دیناو آخرت بہتر بنانے کے لئے سوالنامے کی صورت میں امیر اھلسنت دامت برکاتھم العالیہ کی طرف سے اسلامی بھائیوں کیلئے 72، اسلامی بہنون کیلئے 63، دینی     طلبہ کیلئے92 اور دینی طالبات کیلئے83 جبکہ مدنی منوں اور مدنی منیوں کیلئے40 مدنی انعامات پیش کئے گئے ہیں ۔ ان میں دیئے ہوئے سوالات کے جوابات لکھنے کی عادت بنانے، اصلاح عقائد واعمال کا    بہترین ذریعہ ہے۔ مدنی انعامات کا رسالہ مکتبۃ المدینہ کی کسی بھی شاخ سے ھدیہ حاصل کیاجاسکتا ہے۔
Flag Counter